• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیس بل تاخیر سے ملنا معمول‘ صارفین سراپا احتجاج

راولپنڈی (جنگ نیوز) سوئی گیس بلوں کا ہر ماہ تاخیر سے پہنچنا معمول بنتا جا رہا ہے۔ اکثر صارفین کے مطابق اکثر اوقات بل جمع کرانے کی تاریخ سے صرف دو روز قبل انہیں بل موصول ہوتے ہیں جس کے بعد تاخیر سے بل جمع کرانے کی صورت میں انہیں جرمانے کی ادائیگی علیحدہ سے کرنا پڑتی ہے۔ بیشتر صارفین کے مطابق وہ نیٹ سے بل حاصل کر کے جمع کرواتے ہیں۔ اس صورت میں جن لوگوں کی رسائی انٹرنیٹ تک نہیں ہے انہیں جرمانے کی رقم مزید ادا کرنا پڑتی ہے۔ میڈیا ٹائون کے صارفین نے بتایا کہ میٹرریڈنگ 8مئی کو کی گئی ، اس کے بعد 14مئی کو جاری ہونے والے بل انہیں 22مئی کو عید تعطیلات کے پہلے روز ملے۔ 22تاریخ سے شروع ہونے والی سرکاری تعطیلات 27مئی تک جاری رہیں گی، اسکے بعد بل جمع کرانے کی آخری تاریخ ہونے کے باعث انہیں بڑی بڑی لائنوں میں کھڑا ہونا پڑے گا۔ اس سے قبل بھی انہیں گیس بل تاخیر سے ملنے کی شکایات رہی ہیں جن کا ازالہ نہیں کیا گیا۔ ادھردھمیال روڈ اشرف کالونی کے صارفین کا بھی کہنا ہے کہ انہیں اکثر بل تاریخ ادائیگی کے آخری دن ملتے ہیں۔ انٹرنیٹ کی سہولت ہر صارف کو حاصل نہیں جبکہ نیٹ سروسز ناقص ہونے کے باعث اکثر صارفین اپنا بل بروقت جمع نہیں کروا سکتے۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ واجب الادا تاریخوں میں اگر سرکاری تعطیلات آ جائیں تو تاریخ ادائیگی بھی اتنی ہی آگے تصور ہوتی ہے لیکن یہ حقیقت تمام بینکوں کو تحریری طور پر بتانے کی ضرورت ہے جہاں صارفین کو اکثر بحث کرنا پڑتی ہے۔ صارفین نے وزیر پٹرولیم اور سوئی ناردرن حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عملہ کی کارکردگی کا عملی جائزہ لینے کیلئے مختلف علاقوں میں بل پہنچنے کی تاریخ کنفرم بھی کیا کریں۔ اس طرح کوتاہی کے ذمہ داران کا بھی تعین کیا جا سکے گا ۔
تازہ ترین