• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی فرمانروا اور ولی عہد کی طیارہ حادثے پر تعزیت

کراچی میں گزشتہ روز پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نےحکومت پاکستان اور متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور محمد بن سلمان نے طیارہ حادثے پر صدر عارف علوی سے اظہار تعزیت کی ہے۔

سعودی فرمانروا اور ولی عہد نے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دوپہر کو لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 نے دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔

طیارہ لینڈنگ اپروچ پر تھا کہ کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گیا۔

حادثے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی جس نے قریبی آبادی کو بھی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ طیارے کے مختلف حصے ٹوٹ کر آبادی میں بکھر گئے جنہوں نے مکانات کو نقصان پہنچایا تھا۔

طیارے میں سوار 97 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 2 مسافر اس حادثے میں محفوظ رہے۔

پاک فوج، رینجرز، پولیس، سول ایوی ایشن، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔

تازہ ترین