• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر ہوابازی کا حادثے کی شفاف تحقیقات کا وعدہ

وزیر ہوابازی کا حادثے کی شفاف تحقیقات کا وعدہ


وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور نے کراچی میں پی آئی اے کے مسافر طیارہ حادثے کی شفاف تحقیقات کا وعدہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقائق سامنے لائےجائیں گے، حادثے کی جلد از جلد شفاف انکوائری ہوگی، کوشش ہے رپورٹ تین ماہ میں آجائے، کریش لینڈنگ ہوئی ہے تو ذمہ دار سامنے آنے چاہئیں۔

سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کے ہمراہ کراچی میں پر کانفرنس کرتے ہوئے غلام سرور نے کہا کہ طیارہ حادثے میں سول آبادی میں جہاز گرا ہے، جو گھر متاثر ہوئے ان کی مرمت بھی کرائیں گے، جہاز گرنے سے آبادی میں جو مالی نقصان ہوا اس کا ازالہ کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی، گلگت، چترال سمیت تین حادثے ہوچکے ہیں، اگرتحقیقاتی رپورٹ نہ آئیں تو ہماری اور اداروں کی بھی کمزوری ہے۔

غلام سرورنے کہا کہ جس کمپنی نے یہ طیارہ بنایا، جرمنی فرانس سے ٹیمیں آئیں گی، ایئرفورس کے ماہرین سے بھی مدد لی جائے گی۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ کوشش ہوگی تین ماہ میں تحقیقات مکمل ہوں، سی ای او سمیت میری بھی ذمہ داری ہے، خود کو احتساب کے لئے پیش کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایئرپورٹ کے علاقے میں اضافی تعمیرات ہوئیں تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سی اے اے گورنمنٹ کا ادارہ ہے، اس میں ایئرفورس کے ذمہ دار افسران شامل ہیں، جائے حادثہ پر گھر تباہ ہوئے انہیں بھی معاوضہ دیا جائے گا۔

غلام سرور نے کہا کہ حال ہی میں گلگت فوکر حادثہ، چترال حادثہ ہوا، ان حادثوں کی رپورٹ میں تاخیر کا شکار ہونا انصاف نہ ہونے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایئربس کمپنی اپنی الگ تحقیقات کرے گی، تین ماہ میں اس حادثے کی ابتدائی رپورٹ سامنے لانے کی کوشش ہوگی جبکہ اس حادثے کی رپورٹ کو کم سے کم وقت میں سامنے لایا جائے گا۔

وفاقی وزیر غلام سرور نے کہا کہ یہ افسوسناک حادثہ ہے، لواحقین کے ساتھ افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔

غلام سرور خان نے کہا کہ پاک فوج، سویلین اداے میڈیا کا اہم کردار ہے، ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دس لاکھ روپے لواحقین کو فوری دیے جائیں گے جبکہ انشورنس کی رقم اس سے علیحدہ ہے۔

وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا کہ اپنی بساط کے مطابق متاثرہ خاندانوں کی جتنی ممکن ہوسکا امداد کریں گے، وزیراعظم کی ہدایت پر امدادی رقم 5 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کی ہے۔

غلام سرور خان نے کہا کہ مقامی آبادی کے اثاثوں کے نقصانات کا سروے کرنے کی ہدایات کردی ہیں۔

تازہ ترین