• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سربراہ کی حیثیت سے ذمہ دار کو احتساب کیلئے پیش کرونگا، سی ای او پی آئی اے

سربراہ کی حیثیت سے ذمہ دار کو احتساب کیلئے پیش کرونگا، سی ای او پی آئی اے


قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ارشد ملک کا کہنا ہے کہ ادارے کے سربراہ کی حیثیت سے ذمہ دار کو احتساب کے لیے پیش کروں گا، حادثے کا مداوا پیسہ نہیں ہوسکتا، ہمارا ایئر پورٹ ہوٹل اور قصر ناز لواحقین کے لیے وقف ہے۔

ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے جامع مسجد میں شہداء پی آئی اے کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی، ہماری ٹیم نے تمام شہدا کی لاشیں اسپتال پہنچادی ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی ای او پی آئی اے نے کہا کہ 21 افراد کی میتیں ورثا کو پہنچا دی گئیں، باقی کے ڈی این اے کرائے جارہے ہیں۔

ایرمارشل ارشد ملک نے کہا کہ ایک ایکسیڈنٹ بورڈ کی ٹیم وفاقی حکومت نے بنادی ہے، وفاق نے ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طیارہ حادثہ کے جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے رابطہ ہو چکا ہے۔

ارشد ملک نے کہا کہ طیارے کی تحقیقات کے لیے جو معلومات درکار ہوں گی وہ فراہم کی جائیں گی۔

سی ای او پی آئی اے نے کہا کہ طیارے کا بلیک باکس انویسٹی گیشن ٹیم کے سپرد کر دیا گیا ہے، جبکہ میرا اس تحقیقات سےصرف اتنا تعلق ہوگا کہ جو دستاویز مانگی جائے وہ دے دوں۔

ارشد ملک نے کہا کہ میری ٹیم کا تمام مسافروں کے لواحقین سے رابطہ ہوچکا ہے، کراچی یونیورسٹی میں لاشوں کے ڈی این اے ٹیسٹ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ رات کو ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کو آپریشنل کیا، جائے حادثہ سے تمام باڈیز نکال لیں، کمپنسیشن کے پیسے لواحقین کو دیئے جائیں گے۔

ایئرمارشل ارشد ملک نے کہا کہ ڈی این اے کی میچنگ کے بعد لواحقین کو جسد خاکی دیا جائے گا، صرف دو لوگ اس حادثے میں بچ پائے ہیں۔

سی ای او پی آئی اے نے کہا کہ ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کی ٹیم نے تحقیقات شروع کردی ہے۔

تازہ ترین