• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیارہ حادثہ: ڈی این اے نتائج آنے میں 21 دن لگیں گے، عذرا پیچوہو

طیارہ حادثہ: ڈی این اے نتائج آنے میں 21 دن لگیں گے، عذرا پیچوہو


وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے میں ڈی این اے نتائج آنے میں 21 دن لگیں گے، اب تک 47 لواحقین نےاپنےڈی این اے کے لئے نمونے جمع کرائے ہیں۔

کراچی میں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو، ناصر حسین شاہ اور مرتضی وہاب نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

عذرا پیچوہو نے کہا کہ طیارہ حادثے میں 97 افراد جاں بحق ہوئے دو افراد زندہ بچ گئے، میتوں میں 26 خواتین، 68 مرد اور 3 بچے شامل ہیں۔

وزیر صحت سندھ نے کہا کہ واقعے کے بعد 66 میتیں جناح اور 31 سول اسپتال پہنچائی گئیں، جبکہ ایک زخمی سول اور دوسرا دارالصحت اسپتال میں زیرعلاج ہے۔

عذراپیچوہو نے کہا کہ اب تک 19 میتیں شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کی جاچکی ہیں اور 97 میتوں کے ڈی این اے لیے جاچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 66 افراد کے جناح اور 31 کے سول اسپتال میں ڈی این اے لیے گئے۔

یہ بھی پڑھیے : محکمۂ صحت سندھ کی طیارہ حادثہ رپورٹ تیار

وزیر صحت سندھ نے کہا کہ ڈی این اے پر گورنر صاحب کی لاعلمی ہے، ہم نے اعلی معیار کی لیبارٹری تیار کی ہے۔

عذرا پیچوہو نے کہا کہ تمام ڈی این اے جامعہ کراچی کی لیب میں ہوں گے۔

حکومت سندھ کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ طیارے کی زد میں آکر 19مکانات متاثر ہوئے، دس گاڑیاں اور تین موٹرسائیکلیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حادثے میں طیارے کے مسافر جاں بحق ہوئے، 6 علاقہ مکین زخمی ہیں، 16رہائشیوں کو مقامی ہوٹل میں منتقل کیا گیا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ فائر بریگیڈ، مئیر کراچی، چھیپا، ایدھی، سول اور عسکری اداروں نے ملکر کام کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان حالات میں لوگ سادگی سے عید منائیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حادثے کی اخلاقی اور قانونی ذمہ داری پی آئی اے کی بنتی ہے، نقصانات کا ازالہ بھی پی آئی اے کو کرنا چاہیے۔

تازہ ترین