• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹڈی دل، بھارت نے پاکستان سے مدد مانگ لی، ایران کیساتھ مل کر سہ ملکی حکمت عملی کی تجویز

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت نے ٹڈی دل سے لڑنے کیلئے پاکستان سے مدد طلب کر لی ہے۔ جنوبی ایشیا اور جنوب مغربی ایشیا کے مختلف ملکوں میں ٹڈی دل کی وجہ سے فوڈ سیکورٹی کو لاحق خطرات کے پیش نظر یہ مدد طلب کی گئی ہے۔ 

بھارتی میڈیا کے  مطابق  نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ بھارت نے پاکستان اور ایران کے ساتھ مل کر صحرائی ٹڈی دل کا مقابلہ کرنے کیلئے سہ ملکی حکمت عملی بنانے کی تجویز پیش کی ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ بھارت نے تجویز دی ہے کہ دونوں ملک سرحدی علاقوں میں ٹڈی دل پر قابو پانے کے آپریشنز میں تعاون کریں اور بھارت ٹڈی دل کو مارنے کیلئے کیڑے مار دوا Malathion پاکستان کو فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے پاس ’’لوکسٹ افسران‘‘ کی زیر قیادت ایک باقاعدہ میکنزم موجود ہے ، ان افسران کی سالانہ 6؍ ملاقاتیں جون سے نومبر کے درمیان ہوتی ہیں۔ مذاکرات مونا بائو میں ہوتے ہیں یا پھر کھوکھرا پار میں۔ 

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے حکام ان مہینوں کے دوران کراچی اور جودھ پور میں بنے سینٹرز کے ذریعے وائرلیس پر بھی رابطے میں ہوتے ہیں۔

تازہ ترین