• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوروناوائرس،مریض53لاکھ، ہلاکتیں 3لاکھ 40ہزار سے تجاوز

پیرس، واشنگٹن(اے ایف پی،جنگ نیوز) کوروناوائرس سے دنیا بھرمیں مریض53لاکھ، ہلاکتیں 3لاکھ 40ہزار سے تجاز کرگئیں،ووہان میںایک روز کے دوران ریکارڈ 15لاکھ افراد کے ٹیسٹ کیے گئے،غزہ میں وائرس سے پہلی ہلاکت دیکھی گئی،اسپین نے جنوبی امریکا کو وائرس کا مرکز بننے کے بعد ملک میں سیاحت کھولنے پر غور شروع کردیاہے۔چین میں پہلی بار کوئی کیس نہ آیا، جرمنی میں گرجا میں عبادت کے بعد 40 مریض سامنے آگئے۔ غیرملکی خبررساںادارے کےمطابق کورونا وائر س سے دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد 53 لاکھ تک پہنچ گئی ہےجبکہ 3 لاکھ 40 ہزار سے زائد مریض اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں،ادھر ووہان میں کورونا کی ٹیسٹ کے دوران ریکارڈ 15لاکھ افرادکے نمونے لیے گئے،چین میں کورونا وائرس کا کوئی نیا کیسز رپورٹ نہیں ہوا لیکن بھارت اور لاطینی امریکا میں کیسز کی بھرمار سےاسپتالوں میں جگہ تنگ پڑگئی۔دوسری جانب اسپین نے سیاحت کھولنے پر غورشروع کردیاہے،اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے کہا ہے کہ غیرملکی سیاح جولائی میں اسپین میں آسکتے ہیں،انہوں نے کورونا وائرس وبائی امراض کی وجہ سے مارچ کے وسط سے بند ہونے والے ایک اہم شعبے کو فعال کرنے کی امید دی ہے تاہم اسپین میں کورونا وائرس سے ایک ہی رات میں 48 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 28 ہزار 678 ہوگئی۔وزارت نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز 2 لاکھ 34 ہزار 824 سے بڑھ کر تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 2 لاکھ 35 ہزار 290 ہوگئی۔غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ پٹی میں کورونا وائرس کے باعث پہلی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 77 سالہ خاتون کو علامات ظاہر ہوئی تھی جو 19 مئی کو پڑوسی ملک مصر سے غزہ آیا تھا۔جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں چرچ میں عبادت کی ادائیگی کے بعد 40 سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کی گئی۔شہر کے شعبہ صحت کے سربراہ کا کہنا تھا کہ متاثر ہونے والے اکثر افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ہماری اطلاعات کے مطابق صرف ایک مریض کو ہسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے۔میکسیکو میں ایک ہی دن میں کورونا وائرس سے ریکارڈ 479 اموات رپورٹ ہوگئیں۔
تازہ ترین