• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دانتوں کے بارے میں 5 دقیانوسی خیالات

دانتوں کی صحت کو برقرار رکھنا ہمارے لیے بہت ضروری ہے کیونکہ دانتوں کی مضر صحت ہماری مجموعی صحت کو متاثر کرسکتی ہے اور اِس کی وجہ سے ہم دیگر دوسری بیماریوں کا بھی شکار ہوسکتے ہیں اور اگر ہمارے دانت اور مسوڑھے مضبوط ہوں گے تو تب ہی ہم اچھی غذا کھا سکتے ہیں اور صحت مند زندگی گزارنے کے قابل ہوسکتے ہیں۔

دانتوں کی اچھی صحت کے لیے کہا جاتا ہے کہ صرف آپ روزانہ باقاعدگی سے برش کرلیں تو آپ کے دانت مضبوط رہیں گے لیکن ماہرین کہتے ہیں دانتوں کے بارے میں کچھ دقیانوسی خیالات ایسے ہیں جن پر اب یقین کرنا ہمیں چھوڑنا ہوگا۔

دانتوں کے بارے میں دقیانوسی خیالات:

کھانے سے پہلے برش کرنا:

دانتوں کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ آپ کھانے سے پہلے برش کریں گے تو بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہیں گے جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانے سے پہلے کرنے کے بجائے اگر کھانا کھانے کے بعد دانت برش کیے جائیں تو یہ ہمارے دانتوں کی صحت کے لیے مفید ہوگا اِس سے کھانے کے بعد ہمارے دانتوں میں موجود جراثیم فوری طور پر ختم ہوجائیں گے اور ہمارا منہ بھی فوری طور پر صاف ہوجائے گا۔ لہٰذا روزانہ صبح اور رات کے کھانے کے بعد برش کریں۔

سخت برش کا استعمال:

دانتوں کے حوالے سے ایک دقیانوسی خیال یہ بھی ہے کہ اگر آپ سخت برش استعمال کریں گے تو آپ کے دانت زیادہ اچھے سے صاف ہوں گے جبکہ یہ خیال بالکل غلط ہے۔ 

ماہرین کہتے ہیں کہ سخت برش ناصرف آپ کے دانتوں کو بلکہ آپ کے مسوڑوں کو بھی نقصان پہنچا سکتا ہے اِسی لیے اگر آپ واقعی اپنے دانتوں کی صحت کے بارے میں سنجیدہ ہیں تو نرم برش کا استعمال کریں۔

اسکیلنگ دانتوں کو کمزور کردیتی ہے:

دانتوں کی اسکیلنگ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اِس سے ہمارے دانت کمزور ہوجاتے ہیں لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ 6 ماہ میں ایک بار یا پھر 1 سال میں ایک مرتبہ اپنے دانتوں کی اسکیلنگ کرواسکتے ہیں کیونکہ اِس سے آپ کے دانتوں کے وہ حصے بھی صاف ہوجائیں گے جو برش صاف نہیں کر پاتی۔

دانتوں کی صحت کا مجموعی صحت سے کوئی تعلق نہیں:

ماہرین کہتے ہیں کہ یہ سوچنا غلط ہے کہ آپ کے دانتوں کی صحت کا تعلق آپ کی مجموعی صحت سے نہیں ہے۔

آپ کے دانتوں میں یا منہ میں موجود گندے بیکٹیریا آپ کے پیٹ میں جاکر انفیکشن پیدا کرسکتے ہیں جس کی وجہ سے آپ بہت سی خطرناک امراض کا شکار ہوسکتے ہیں۔

صرف دانت میں درد کے وقت ہی ڈاکٹر کے پاس جائیں:

بڑے بوڑھے کہتے ہیں کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے اِسی طرح ڈاکٹر دانتوں کے حوالے سے کہتے ہیں کہ آپ کو ہر 6 ماہ کے بعد اپنے دانتوں کا معائنہ کروانا چاہیے کیونکہ اگر آپ ایسا نہیں کریں گے تو آپ بہت سے بڑے مسائل سے بھی دو چار ہوسکتے ہیں۔

لہٰذا صرف دانت میں درد کے وقت ہی ڈاکٹر سے رجوع نہ کریں آپ اُس کے علاوہ بھی اپنا معائنہ کرواسکتے ہیں۔

تازہ ترین