• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیپٹن سجاد گل کی وفات بڑا نقصان ہے: وزیرِ داخلہ

کیپٹن سجاد گل کی وفات بڑا نقصان ہے: وزیرِ داخلہ


وفاقی وزیرِ داخلہ اعجاز احمد شاہ کا کہنا ہے کہ کیپٹن سجاد گل کی وفات نہ صرف پی آئی اے بلکہ تمام ملک کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔

لاہورمیں وفاقی وزیرِ داخلہ اعجاز احمدشاہ کراچی طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے پائلٹ سجاد گل کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے مرحوم پائلٹ کے اہلِ خانہ اسے اظہار ِتعزیت کیا۔

اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق حادثے کی تحقیقات شفاف طریقے سے ہوں گی۔

وزیرِ داخلہ اعجاز احمد شاہ نے یہ بھی کہا کہ مرحوم پائلٹ کے والد نے تمام متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ ایسے بیانات دینے سے اجتناب کریں جس سے ان کے اہلِ خانہ کی دل آزاری ہو۔

واضح رہے کہ جمعہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 نے دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔

طیارہ لینڈنگ اپروچ پر تھا کہ کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گیا۔

یہ بھی پڑھیئے: عید پر 2 روز قبل شہید ہونے والوں کو نہ بھولیں، اعجاز شاہ

حادثے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی جس نے قریبی آبادی کو بھی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ طیارے کے مختلف حصے ٹوٹ کر آبادی میں بکھر گئے جنہوں نے مکانات کو نقصان پہنچایا تھا۔

طیارے میں سوار 97 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 2 مسافر اس حادثے میں محفوظ رہے۔

پاک فوج، رینجرز، پولیس، سول ایوی ایشن، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔

تازہ ترین