• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’دیریلش ارطغرل ‘ کے پروڈیوسر پاکستان میں کام کرنے کے خواہشمند

استنبول (مانیٹرنگ ڈیسک)شہرہ آفاق ترکش سیریز ’دیریلش ارطغرل ‘ کے پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر محمد بزداغ نے پاکستان میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔محمد بزداغ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ مسلمانوں کو صرف سیاست اور تجارت میں ہی نہیں بلکہ فن و ثقافت میں بھی مل کر کام کرنا چاہئے اور دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کو فنون لطیفہ کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کرنا چاہیئے۔ وہ حیرت زدہ ہیں کہ دونوں ممالک کی گہری دوستی کے باوجود ہم نے مل کر ساتھ کوئی پروجیکٹ نہیں کیا۔انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ کسی مشترکہ پروجیکٹس کے لیے دونوں ممالک کے پروڈیوسر اور اداکاروں کو اکٹھا ہونا چاہیے اور نا صرف فنون لطیفہ بلکہ دیگر شعبہ ہائے زندگی جیسے کھانے پینے ، میوزیم اور تاریخ میں بھی مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا ‘ہمیں اپنا تجربہ پاکستان سے شیئر کرنا چاہیے اور انہیں اپنے تجربات ہمارے ساتھ شیئر کرنے چاہیے، اکٹھے مل کر ہم دنیا ہلا دینے والے کام کرسکتے ہیں۔محمد بزداغ نے کہا کہ انہیں توقع تو تھی کہ یہ سیریز پاکستان میں توجہ حاصل کرے گی مگر یہ کبھی نہیں سوچا کہ اتنے کم وقت میں ایسا ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں اس ڈرامے کی مقبولیت پر بہت زیادہ خوش ہیں ،اگرچہ ترکی اور پاکستان کی سرحدیں الگ ہیں، مگر ہماری روحیں ایک قوم ہیں۔تاریخ میں ڈگری حاصل کرنے کے بعد محمد بزداغ کو ایک ایسے ڈراما بنانے کا خیال آیا جس میں دکھایا جائے کہ سلطنت عثمانیہ کی بنیاد کیسے رکھی گئی۔انہوں نے بتایا کہ اس تصور کو ذہن میں رکھ کر 5 سیزن کی کہانی تیار ہوئی اور اب وہ کورلش عثمان کی شکل میں جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج اسلامی دنیا مذہب کی روح، انسانیت اور انصاف کی کمی محسوس کررہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہر ایک اس دور کو جاننا چاہتا ہے۔انہوں نے تسلیم کیا کہ اس عہد کے حقائق زیادہ واضح نہیں تھے اور اس خلا کو بھرنے کے لیے تخیل کا استعمال کیا گیا۔

تازہ ترین