• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکہ کے سوا پورے سعودی عرب میں کرفیو نرم، عمرے پر پابندی برقرار

مکہ کے سوا پورے سعودی عرب میں کرفیو نرم، عمرے پر پابندی برقرار


جدہ(شاہدنعیم )سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ مملکت میں صحت کے شعبے سے متعلق حکام کی سفارشات کی بنیاد پر کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات میں نرمی کی گئی ہے۔مکہ کے علاوہ پورے ملک میں کرفیو کے اوقات میں نرمی کا اعلان کردیا گیا ہے ۔

مکہ کے علاوہ سعودی عرب کی تمام مساجد جمعہ اور پانچ وقت کی باجماعت نمازوں کے لیے 31 مئی سے کھل جائیں گی۔ عمرے اور زیارت پر پابندی جاری رہے گی۔ ـ موجودہ معمول کی طرح مسجد حرام میں طبی اور احتیاطی اقدامات کے مطابق نماز جمعہ اور با جماعت نماز کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وزارت صحت کی جانب سے اعداد و شمار کی روشنی میں وقتا فوقتا اس پر نظر ثانی کی جاتی رہے گی۔

بین الاقوامی فضائی پروازوں کا تعطل اطلاع ثانی تک جاری رہے گا۔تفصیلات کے مطابق مملکت میں مکہ مکرمہ کے علاوہ جمعرات 28 مئی سے ہفتہ 30 مئی تک درج ذیل امور پر عمل ہو گا: ـ مملکت کے تمام علاقوں میں (مکہ مکرمہ کے سوا) کرفیو میں نرمی کے اوقات صبح چھ بجے سے سہ پہر تین بجے تک ہوں گے۔

 نرمی کے اوقات کے دوران مملکت میں نجی گاڑی میں علاقوں اور شہروں کے درمیان نقل وحرکت کی اجازت ہو گی۔ اندرون مملکت فضائی پروازوں پر عائد پابندی اٹھا لی جائے گی۔ اس حوالے سے شہری ہوابازی کی جنرل اتھارٹی کی جانب سے وزارت صحت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری سے مقرر کردہ احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر پر عمل لازم ہو گا۔ 

 آمد ورفت کے مختلف وسائل کے ذریعے صوبوں کے درمیان سفر پر پابندی اٹھا لی جائے گی۔ اس حوالے سے متعلقہ حکام مطلوبہ احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں گے۔احتیاطی اقدامات کے ساتھ ریستورانوں اورمخصوص کاروباروں کو کھولنے کی اجازت ہو گی۔ 

وامی مقامات پر چوبیس گھنٹے سماجی فاصلے کے اقدامات نافذ العمل رہیں گے۔ سماجی تقریبات مثلا شادی بیاہ اور تعزیتی مجالس وغیرہ میں 50 سے زیادہ افراد کی شرکت پر پابندی ہو گی۔

کرفیو کے اوقات کے دوران ضروری اور ہنگامی صورت حال وغیرہ میں نقل و حرکت کے واسطے اجازت ناموں کا حصول لازم ہو گا۔ اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی موبائل ایپ (توکلنا) کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 مذکورہ بالا کرفیو کے دورانیے میں علاقے کے لوگوں کو اپنے محلوں میں واک کی اجازت ہو گی۔ اس حوالے سے مطلوبہ احتیاطی اقدامات اور سماجی فاصلے کا خیال رکھنا لازم ہو گا۔

تازہ ترین