• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے ارادے اچھے دکھائی نہیں دیتے، وزیر خارجہ

بھارت کے ارادے اچھے دکھائی نہیں دیتے، وزیر خارجہ


وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کے ارادے اچھے دکھائی نہیں دیتے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ، جبکہ بھارت افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرتا رہا ہے اور نیپال کے ساتھ بھی بھارت کا جارحانہ رویہ سب کے سامنے ہے۔

ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت اب متنازع علاقے میں کشیدگی بڑھا رہا ہے، اس سے پورے خطے کا امن و استحکام داؤ پر لگا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کو کبھی نیپال سے مسئلہ ہوجاتا ہے اور کبھی افغان امن عمل میں رخنہ اندازی کی کوشش کرتا ہے، بھارت بلوچستان میں بھی شورش کو ہوا دے رہا ہےاور اس نے لداخ میں بھی یہی حرکت کی ہے، پھر الٹا چین کو موردِ الزام ٹھہرانے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ بردباری کا مظاہرہ کیا ہے اور امن کی بات کی ہے، بھارت نے لداخ کے متنازع علاقے میں تعمیرات کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، بھارتی اقدام سے خطے کے امن واستحکام کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے سیکولرازم کو دفن کردیا اور ہندتوا سوچ کو ہوا دے رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے اندرونی حالات دگرگوں ہیں، معیشت کے برے حالات ہیں، داخلی صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے بھارت یہ سب ہتھکنڈے اپنا رہا ہے۔

تازہ ترین