• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین نے بحالی معیشت کیلئے 750 ارب یورو کا فنڈ تجویز کردیا

یورپین یونین نے کورونا وائرس سے تباہ حال معیشت کی بحالی کے لیے 750 ارب یورو کا فنڈ تجویز کردیا۔ 

یورپین کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مذکورہ 750 ارب اور معاشی بحالی کی دوسری مدات کے لیے مختص رقوم ملا کر مجموعی رقم کا حجم 1 اعشاریہ 85 کھرب یورو تک جا پہنچے گا۔

ان میں وہ رقوم بھی شامل ہونگی، جنہیں 2021 سے 2027 کے یورپین بجٹ میں پہلے ہی سے متعین کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندر لین نے کہا کہ اس مشکل کو معاشی بحالی کے اس منصوبے کے ذریعے ایک موقع میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ اس سے بحالی ہی نہیں بلکہ یہ ہمارے مستقبل کے لیے بھی سرمایہ کاری ہے۔

صدر یورپین کمیشن کا کہنا تھا کہ معاشی بحالی کا یہ منصوبہ ایک ایسے یورپ کی جانب سے ہے جس نے کورونا وائرس کی اس وباء میں نہ صرف ایک انسانی المیے کے طور پر اپنے ایک لاکھ 75 ہزار شہری گنوائے ہیں بلکہ ایک بڑی معاشی تباہی کا بھی سامنا کیا کیا ہے۔

علاوہ ازیں معاشی بحالی کے اس مجوزہ منصوبے کے حوالے سے ایک علیحدہ اعلامیے کے ذریعے یورپین کونسل کے صدر چارلس مشل نے تمام ممبر ممالک سے درخواست کی ہے کہ وہ اس منصوبے کی تمام جزیات پر جلد سے جلد تفصیلی غور و خوض کرلیں تاکہ وہ اسے 19 جون کو منعقد ہونےوالی یورپین سمٹ میں پیش کر دیں۔

تازہ ترین