سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بدلے ہو ئے ضرور نظر آئے لیکن کپتانی میں انہوں نے بہت غلطیاں کی ۔محمد عامر کے علاوہ کسی کو بہترین بولر قرار نہیں دیا جا سکتا جبکہ بولرز پلان پر عمل نہیں کرتے اور سیکھنے کی کوشش بھی نہیں کرتے ۔
سابق بولنگ کوچ اظہر محمود نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کو انکشافات کے ذریعے آئینہ دکھا دیا ہے اور بتا دیا ہے کہ پاکستان ٹیم کی حقیقت کیا ہے اور شکست کیوں ہوئی ۔ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ ٹیم میں گروپ بندی نہیں کھلاڑی ہی اچھے نہیں،10 منٹ سے زیادہ ٹریننگ کو کوئی سنجیدہ نہیں لیتا جبکہ کھلاڑیوں کو اپنے اوپر اعتماد بھی نہیں ،اگر کسی کو ڈراپ کر دیا جائے تو کپتان کے خلاف ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں میں ملک کے لیے کھیلنے کے پرائڈ اور جذبے کی کمی ہے ،کھلاڑی صرف اپنے لیے کھیلتے ہیں ۔ اپنی پوزیشن کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں ۔ ٹیم میں گروپنگ نہیں ، حقیقت یہ ہے کہ وہ اچھے کرکٹرہی نہیں ہیں ۔
سابق آل راؤنڈرکے مطابق ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور ایشیا کپ میں کچھ کھلاڑی خود کو غیر محفوظ سمجھ رہے تھے ،کھلاڑیوں کو ڈر تھا کہ انہیں ڈراپ کر دیا جائے گا ۔