اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ججز نظربندی کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ۔عدالت نے پرویز مشرف کے بیرون جانے پر برہمی کا اظہار کیا۔
ججز نظر بندی کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سہیل اکرام نے کی، پرویز مشرف کے نئے وکیل اختر شاہ ایڈووکیٹ نے اپنا وکالت نامہ عدالت میں جمع کرایا، عدالت نے استفسار کیا کہ پرویز مشرف کہاں ہیں؟
مشرف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پرویز مشرف حکومت کی اجازت سے بیرون ملک علاج کے لیے گئے ہیں۔
عدالت نے کہا کہ پرویز مشرف نے بیرون ملک جانے سے پہلے عدالت سے اجازت کیوں نہیں لی۔ عدالت نے پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ملزم کو 22 اپریل کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔