پشاور (نمائندہ جنگ) پشاور کے سینئر صحافی فخر الدین سید کورونا وائرس سے انتقال کر گئے وہ صوبے میں کورونا وائر س سے انتقال کرنے والے پہلے صحافی ہیں۔دوسری جانب وزیراعلی ٰ خیبر پختونخوامحمود خان نے انکے لواحقین کے لئے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے اور محکمہ اطلاعات کو 10 لاکھ روپے فخرالدین سید کے لواحقین کو جلد ازجلد دینے کی ہدایت کی ہے۔تفصیلات کےمطابق مرحوم صحافی نجی ٹی وی چینل سے وابستہ تھے اور گزشتہ کئی روز سے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں زیر علاج تھے جمعرات کی علی الصبح انتقال کر گئے، مرحوم کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ادھر خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل خان وزیر نے سینئر صحافی فخر الدین سید کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینئر صحافی فخرالدین سید نے کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑکر جان کی بازی ہاری ہے ،ان کی وفات سے صوبہ ایک قابل صحافی سے محروم ہوگیا ہے۔