• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مارگلہ ہلز ، درختوں کی غیر قانونی کٹائی کا جائزہ لینے کیلئے نئی کمیٹی تشکیل

اسلام آباد ( اپنے نامہ نگار سے ) وزارت موسمیاتی تبدیلی نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں مونال ریسٹورنٹ انتظامیہ کی طرف سے مبینہ طور پر درختوں کی غیرقانونی کٹائی کا جائزہ لینے کیلئے دوبارہ ایڈیشنل سیکرٹری جودت ایاز کی سربراہی میں سات رکنی کمیٹی تشکیل دیدی جبکہ کمیٹی کے ٹی او آرز بھی تبدیل کر دیئے گئے ہیں ، دوبارہ قائم ہونے والی کمیٹی کے ٹی او آرز کے مطابق کمیٹی اس بات کی تحقیق کریگی کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں مونال اور دیگر ریسٹورنٹس کس طرح تعمیر ہوئے، اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ اور ای پی اے نے ان غیرقانونی تعمیرات کو روکنے کیلئے کہاں تک اپنی ذمہ داریاں پوری کیں، کمیٹی اپنی رپورٹ تیار کر کےوفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی کو پیش کرے گی جو بعد میں سپریم کورٹ کو پیش کی جائے گی، پہلی کمیٹی جو 20مئی کو بنائی گئی تھی اس کے کنونیئر اسلام آباد وائلڈ مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر انیس الرحمٰن تھے جبکہ اس کے ممبران میں ڈائریکٹر جنرل ای پی اے فرزانہ الطاف شاہ بھی شامل تھیں ، نئی کمیٹی سے دونوں کو نکال دیا گیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں ہونے والی مبینہ غیرقانونی تعمیرات کے ذمہ دار یہی دونوں ادارے تھے اب حقیقت میں ان دونوں اداروں کے ذمہ داران کیخلاف انکوائری ہوگی۔ ذرائع کے مطابق پہلی کمیٹی کے کنونیئر ڈاکٹر انیس الرحمٰن جو اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈکے چیئرمین بھی ہیں ان کو کنونیئر کمیٹی بنائے جانے پر اعتراضات آئے تھے جس پر دوبارہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
تازہ ترین