خشک میوہ جات میں شمار کیے جانے والے پھل انجیر کے استعمال کے بے شمار طبی فوائد ہیں جبکہ یہ پیٹ کی بیماریوں خصوصاً قبض کے لیے نہایت مفید ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق انسانی مجموعی صحت براہ راست معدے اور آنتوں کی صحت سے جڑی ہوتی ہے ، نظام ہاضمہ کی کارکردگی خراب ہونے سے متعدد بیماریاں جنم لیتی ہیں جن میں سے ایک قبض ہے ، قبض کی شکایت سے جان چھڑانے کے لیے غذا میں کچھ تبدیلوں کے ساتھ اگر انجیز کا استعمال بھی کیا جائے تو اس کے حیرت انگیز نتائج حاصل ہوتے ہیں۔
ماہرین غذائیت کے مطابق انجیر کے 100 گرام میں 239 کیلوریز ، 3.1 گرام پروٹین ، 53 گرام کاربوہائیڈریٹس ، 53 گرام شوگر ،1.2 گرام فیٹ، 12 گرام فائبر پایا جاتا ہے ۔
قبض کی شکایت میں انجیر کا استعمال
خشک انجیر صحت کے لیے نہایت مفید ہے، اس میں فائبر ، وٹامن کے اور وٹامن بی 6 پائے جانے کے سبب اس کے استعمال سے غذا کو آسانی سے ہضم ہونے میں مدد ملتی ہے ۔
قبض کی شکایت دور کرنے کے لیے خشک انجیر کا کیسے استعمال کیا جائے ؟
دو انجیر لیں اور اسے پانی میں رات بھر کےلیے بگھو دیں، ان انجیر کو صبح نہار منہ کھا لیں اور پانی پی لیں۔
انجیر کو پانی میں ابال کر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، 2 سے 4 انجیر کو پانی میں ابال لیں اور ٹھنڈا ہونے پر اس کا پانی پی لیں اور انجیر کھا لیں۔
انجیر کو دودھ میں ابال کر بھی استعمال کر سکتے ہیں، 2 انجیر لیں اسے دودھ میں اچھی طرح ابال لیں، پہلے دودھ پیئں اور بعد میں انجیر کھا لیں ۔
یہ ایک نہایت مفید عمل ہے جس کے کوئی مضر اثرات نہیں ۔
انجیر استعمال کرنے کے دیگر فوائد
انجیر غذائیت سے بھر پور پھل ہے جس میں وٹامن اے ، سی ، کے وٹامن بی ، آئرن، میگنیشیم ، کوپر ، زنگ اور پوٹاشیم پایا جاتا ہے ۔
اس میں زنک ، میگنیشیم، آئرن ، وٹامن بی پائے جانے کے سبب اس کے روزانہ کے استعمال سے بالوں کی صحت اچھی ہوتی ہے اور بال مضبوط ہوتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق اسے شوگر کے مریض بھی اپنی غذا میں شامل کر سکتے ہیں۔