• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عزیز میمن کے قتل کے ملزمان حکومت میں ہیں: فواد چوہدری


سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ صحافی عزیز میمن کے قتل کے ملزمان خود حکومت میں ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اب سندھ پولیس مان رہی ہے کہ صحافی عزیز میمن کا قتل ہوا اور کرائے کا قاتل بھی گرفتار ہے۔


سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ انہوں نے قومی اسمبلی میں بھی کہا تھا کہ تفتیش سندھ سے منتقل کرنا ضروری ہے۔

وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان خود حکومت میں ہیں، انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے۔

واضح رہے کہ صحافی عزیز میمن کی لاش رواں برس 16 فروری کو محراب پور نہر کے قریب سے ملی تھی اور ان کے گلے میں تار لپٹا ہوا تھا۔


نواب شاہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے اس سلسلے میں کہا تھا کہ صحافی عزیز میمن کو قتل کیا گیا، موت طبعی نہیں تھی، عزیز میمن کو دشمنی کی بناء پر قتل کیا گیا، ملزم نذیر سہتو نے عدالت میں جرم کا اعتراف کیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کا مزید کہنا تھا کہ تفتیش کے دوران اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ عزیز میمن کا قتل ہوا، ملزم نذیر نے تفتیش کے دوران مزید ملزمان کےنام بھی بتائے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: صحافی عزیز میمن کو قتل کیا گیا، ایڈیشنل آئی جی

اس حوالے سے گزشتہ روز ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے ٹوئٹ پیغام میں کہا تھا کہ سندھ حکومت نے صحافی عزیز میمن کے قاتلوں کو بے نقاب کرنے کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی تھی، تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے صحافی عزیز میمن کے قاتلوں کی گرفتاری کے حوالے سے یہ بھی کہا کہ انصاف کی مکمل فراہمی کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے، قاتلوں کی گرفتاری پر پولیس خراج تحسین کی مستحق ہے۔

تازہ ترین