• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

3 کے سوا نوازشریف سمیت کابینہ ایٹمی دھماکے کی مخالف تھی، شیخ رشید

’نوازشریف سمیت کابینہ ایٹمی دھماکے کی مخالف تھی‘


 لاہور(نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ سیل )وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 3 کے سوا نواز شریف سمیت کابینہ ایٹمی دھماکے کی مخالف تھی، 28 مئی 1998 کو میں ، راجہ ظفرالحق اور گوہر ایوب دھماکے کے حق میں تھے۔

پاکستان کا خون چوسنے والوں کومعاف نہیں کریں گے ، شریفوں ، گیلانیوں اور زرداریوں نے جس طرح ملک لوٹا ہے عمران خان کے بیانیے پر عمل ہوکر رہے گا،شہباز شریف اور حمزہ کا کیس سنجیدہ نوعیت کا ہے۔

کورونا کے بعد دنیا میں بہت زیادہ کشیدگی کے امکان ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے ہیڈکوارٹرز میں ریلوے افسران کے اعلیٰ سطح اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ ایٹمی دھماکوں کیلئے ڈاکٹر عبد القدیر سمیت سب نے کام کیا ،تین لوگوں شیخ رشید، گوہر ایوب اور راجہ ظفر الحق نے کیبنٹ کا رخ موڑا، ایٹمی دھماکوں کا کریڈٹ نوازشریف کو نہیں جاتا۔

انہوں نے کہا کہ ایٹمی دھماکوں کے وقت میری ڈیوٹی ایسی تھی کہ مجھے باہر جانا پڑا جن کے پاس دھماکوں کا ڈیٹا تھا ان میں میں بھی شامل تھا، میں ہی وہ واحد آدمی اور سیاسی ورکر ہوں کہ جب ڈاکٹر قدیر خان کے مسئلے پیدا ہوئے میں ایران گیا اور کرنل قذافی سے بھی ملا تاہم یہ پاکستان کی امانت کے راز ہیں اور امانت ہی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں جب سے پیدا ہوا ہوں ایجنسیاں پیچھے لگی رہتی ہیں۔ 

شیخ رشید احمد نے کہا کہ جھاڑو پھر جائےگا۔ چوہدری برادران بڑے سمجھدار سیاستدان ہیں،زرداریوں گیلانیوں نے لوٹا ، ایسا نہیں ہو سکتا کہ چینی انکوائری میں ہمارے دور کی سبسڈی کا کیس چھوڑ دیا جائے۔

تازہ ترین