• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کونسی غذائیں ہیٹ ویو سے محفوظ رکھتی ہیں؟

دُنیا کے کئی ممالک کی طرح پاکستان میں موسم گرما کا آغاز ہوگیا ہے اور ہر سال کی طرح اِس سال بھی گرمی کی شدت کافی زیادہ ہے جو کہ وقت کے ساتھ ہیٹ ویو کی شکل اختیار کر رہی ہے اور یہ ہیٹ ویو بعض اوقات جان لیوا بھی ثابت ہوجاتی ہے۔

ہیٹ ویو کیا ہے؟

ہیٹ ویو کا مطلب ہے کہ درجہ حرارت میں حد سے زیادہ اضافہ ہوجانا، جس سے انسانی جسم پر گہرا اثر ہوتا ہے، ہیٹ ویو کی وجہ سے تھکاوٹ، پانی کی کمی، سر درد ، چکر آنا اور متلی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

یہاں ماہرین نے ہیٹ ویو سے خود کو محفوظ رکھنے کے لیے کچھ غذائیں تجویز کی ہیں، اُن کا کہنا ہے کہ اگر آپ روزانہ کی بنیاد پر موسم گرما میں یہ غذائیں لیں تو آپ ہیٹ ویو سے بچ سکتے ہیں اور اِس سے آپ کی صحت کے دیگر مسائل بھی حل ہوسکتے ہیں۔

ہیٹ ویو سے محفوظ رکھنے والی6 غذائیں:

دہی:

دہی ہمارے جسم میں پروبائیوٹیک کی طرح کام کرتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ دہی کو آنتوں کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے، گرمیوں میں دہی کا استعمال لازمی کرنا چاہیے کیونکہ یہ ہمارے صحت کے لیے بہت ضروری غذا ہے۔ 

دہی کو آپ با آسانی گھر میں تیار کر سکتے ہیں اور یہ بازار میں بھی آسانی سے مل جاتا ہے۔

دہی کو آپ کو مختلف طریقوں سے اپنے کھانے میں شامل کر سکتے ہیں جیسے آپ پھل یا سبزیوں میں دہی ڈال کر کھا سکتے ہیں، دہی کی لسّی بنا سکتے ہیں، چاولوں کے ساتھ صرف دہی یا رائتہ کھاسکتے ہیں یا پھر روٹی کے ساتھ دہی میں چینی شامل کرکے بھی کھاسکتے ہیں۔

ناریل پانی:

ناریل پانی قدرت کی طرف سے ہمارے لیے ایک خاص تحفہ ہے جو قورتی طور پر میٹھا اور الیکٹرولائٹس سے مالامال ہوتا ہے اور اِس میں معدنیات، انزائمز اور وٹامنز کی تعداد بھی زیادہ ہوتی ہے جو ہمیں گرمی کی شدت سے محفوظ رکھتے ہیں۔

ناریل پانی ہمارے جسم میں سوڈیم اور پوٹاشیم کی سطح کو بڑھانے یا برقرار رکھنے میں مدد کرتا ہے اور ہمارے جسم سے پانی کی کمی کو ختم کرتا ہے۔

ٹماٹر:

ٹماٹر ایک ہائیڈریٹنگ غذا ہے جس میں 92 سے 95 فیصد پانی شامل ہوتا ہے اور یہ ایک طاقتور اینٹی آکسیڈینٹ ہوتا ہے جو ناصرف ہمیں ٹھنڈک کا احساس دلاتا ہے بلکہ ہمارے جسم کی سوزش بھی ختم کرتا ہے اور ہمیں ہیٹ ویو سے بھی بچاتا ہے لہٰذا آپ اپنی غذا میں ٹماٹر کا استعمال لازمی کریں۔

سونف:

سونف عام طور پر ہر باورچی خانے میں موجود ہوتا ہے، سونف کو تیزابیت کے مسائل سے نجات حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور یہ ہمارے نظام ہاضمہ کے عمل کو بھی بہتر کرتا ہے، اگر آپ رات کو پانی میں سونف بھگو کر رکھ دیں اور پھر صبح اُس پانی کو پی لیں تو آپ ہیٹ ویو سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

کھیرا:

کھیرا موسم گرما کی ایک لازمی سبزی ہے کیونکہ اِس میں پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے اور اِس میں وٹامن اے، بی اور کے بھی موجود ہوتے ہیں۔

کھیرا ہر گھر میں سلاد کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، یہ ناصرف ہمیں گرمی سے بچاتا ہے بلکہ ہمارے جسم کو ہائیڈریٹ بھی کرتا ہے اور جسم میں موجود زائد کیلوریز کو بھی کم کرتا ہے۔

تربوز:

تربوز موسم گرما کے بہترین پھلوں میں سے ایک ہے اور پانی سے بھرے اِس گول پھل کو ’واٹر بال‘ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اِس میں پانی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جس کے کھانے سے ہم گرمیوں میں پانی کی کمی، ہیضہ، اُلٹی اور متلی جیسے مسائل سے دور رہتے ہیں۔

تازہ ترین