• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکول کھولنے کا فیصلہ تاحال نہیں ہوا: سعید غنی

اسکول کھولنے کا فیصلہ تاحال نہیں ہوا: سعید غنی 


سندھ کے وزیرِ تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ صوبے میں اسکول کھولنے کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

ایک بیان میں وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے کی وباء کے باعث حالات کا جائزہ لے کر تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق فیصلہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمۂ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے ہو گا، کمیٹی اس بات کا جائزہ لے گی کہ کس طرح تعلیمی اداروں کو کھولا جائے یا پھر بند رکھا جائے۔

سندھ کے وزیرِ تعلیم سعید غنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ صوبے کے طالب علموں کے لیے تعلیمی سال کے حوالے سے پلان بنا رہے ہیں۔

دو روز قبل بھی وزیرِ تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کیتھولک ایجوکیشن بورڈ آف کراچی کے وائس چیئرمین فادر صالح ڈائیگو کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ اس وقت تعلیمی اداروں کو کھولنے کا رسک نہیں لے سکتے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہم اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ فیسوں کی ادائیگی نہ ہونے سے نجی تعلیمی ادارے شدید مالی بحران سے دوچار ہیں۔

سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے بچوں کو اگلے درجات میں ترقی دے دی گئی ہے جبکہ نویں تا بارہویں کے طلبہ و طالبات کو پرموٹ تو کر دیا گیا ہے، تاہم اس سلسلے میں قانون میں ترامیم کی جانی ہے، جس پر کام کیا جا رہا ہے۔

وزیرِ تعلیم سندھ نے یہ بھی کہا تھا کہ ہم اس وقت تعلیمی اداروں کو کھولنے کے حوالے سے کوئی حتمی تاریخ دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں البتہ اس حوالے سے محکمۂ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیئے: ممکن ہے اسکول 6 ماہ تک نہ کھلیں: سعید غنی

واضح رہے کہ صوبہ سندھ میں اب تک کورونا وائرس کے دیگر صوبوں سے زیادہ یعنی 27 ہزار 360 مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ 465 مریض کورونا کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 69 ہزار 496 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 1 ہزار 483 ہو گئی۔

کورونا وائرس کے ملک میں 42 ہزار 742 مریض اب بھی اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ 25 ہزار 271 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین