• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزادہ ہیری نے فیس بک کا خفیہ اکاؤنٹ بنایا تھا

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) شاہی خاندان کی خصوصی حیثیت چھوڑنے والے شہزادہ ہیری سے متعلق ایک دلچسپ انکشاف سامنے آیا ہے۔بین الاقوامی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق پرنس ہیری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنا خفیہ اکاؤنٹ ’اسپائک‘ کے نام سے بنایا ہوا تھا، جسے وہ عام صارفین کی طرح استعمال کرتے تھے۔

پرنس ہیری نے خفیہ اکاؤنٹ رکھ کر شاہی خاندان کے سوشل میڈیا قواعد و ضوابط کو بھی توڑا۔گزشتہ دنوں چیلسے ڈیوی سے ملاقات کے دوران پرنس ہیری نے خود ہی انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی خواہشات کو پورا کرنے کے لیے فیس بک پر ایک خفیہ اکاؤنٹ بنایا ہوا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اکاؤنٹ ’اسپائک ویلز‘ کے نام سے تھا، جس کے بارے میں کسی کو بھی علم نہیں تھا۔رپورٹ کے مطابق شہزادہ ہیری کے اُس اکاؤنٹ پر چار سو سے زیادہ دوست تھے جس میں برطانیہ کی معروف شخصیات بھی شامل تھیں۔ بعد ازاں ہیری نے اُس اکاؤنٹ کو ڈیلیٹ کردیا۔

رپورٹ کے مطابق پرنس ہیری نے اس اکاؤنٹ کو 2008 سے 2012 تک چلایا اور اپنی بطور عام صارف اپنی رائے کا اظہار بھی کیا۔خیال رہے کہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل پانچ ماہ قبل شاہی زندگی کو خیرباد کہہ کر شمالی امریکا منتقل ہوئے، یہ جوڑا شاہی خاندان سے الگ رہنے اور مالی طور پر مستحکم ہونے کا خواہش مند ہے۔

تازہ ترین