• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کی آج نیب طلبی، درخواست ضمانت کی سماعت بھی آج

لاہور(نمائندہ جنگ)نیب لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں آج طلب کیا ہےجبکہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نےآمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے جس کی سماعت بھی آج ہی ہوگی، وہ آخری بار 22 اپریل کو نیب میں پیش ہوئے تھے۔

گزشتہ پیشی پر نیب ٹیم شہباز شریف کے جواب سے مطمئن نہیں ہوئی تھی۔ ذرائع کے مطابق نیب نے شہباز شریف کو کیس میں پانچویں مرتبہ طلب کیا ہے لیکن شہباز شریف اب تک کیس کے سلسلے میں صرف ایک بار نیب میں پیش ہوئے۔

شہبازشریف کو کورونا کے پیش نظر مکمل حفاظتی اقدامات کی یقین دہائی کرائی گئی۔ نیب ٹیم پیشی پر سوشل ڈسٹنسنگ اختیار کرتے ہوئے فاصلے پر رہ کر سوالات کرے گی۔ نیب میں پیشی سے ایک دن پہلے میاں شہباز شریف نے لاہور ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی۔

امکان ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ آج اس کیس کی سماعت کرے گا، شہباز شریف نے ضمانت کی درخواست امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی۔

تازہ ترین