• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبان سربراہ کے کورونا میں مبتلا ہونے اور انتقال کرنے کا دعویٰ

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی میگزین نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں اور ممکنہ طور پر انتقال بھی کرگئے ہیں ، امریکی میگزین نے طالبان کے ایک رہنما مولوی احمد علی جان کے حوالے سے بتایا کہ طالبان سربراہ کورونا میں مبتلا ہوئے ہیں تاہم وہ صحت یاب ہورہے ہیں ، تاہم امریکی رسالے نے کوئٹہ میں طالبان کے تین رہنمائوں کے حوالے سے بتایا کہ ملا ہیبت اللہ انتقال کرگئے ہیں ، طالبان کی جانب سے باقاعدہ طور پر اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے ، افغان حکومت کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا ہے کہ دوحا میں امریکا کیساتھ امن معاہدے پر دستخط کرنے والے طالبان کے کئی سینئر ارکان بھی کورونا میں مبتلا ہوچکے ہیں ، اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر انہوں نے کہا کہ دوحا میں موجود طالبان کی پوری قیادت کورنا وائرس میں مبتلا ہوچکی ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ بات معنی خیز ہوگی کہ اگر آئندہ ہفتے طالبان کی قیادت افغان حکومت کیساتھ مذاکرات کیلئے دستیاب نہیں ہوئی تو پھر افغانستان میں طالبان کی جانب سے جنگ بندی کب تک جاری رہے گی ، طالبان حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ تین ماہ سے ملا ہیبت اللہ کو دیکھا ہے اور نہ ان کی کوئی آڈیو سنی ہے جس میں عید کا پیغام بھی شامل ہے ، طالبان کے رہنما احمد نے مزید بتایا کہ ملا ہیبت اللہ ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں تاہم وہ یہ نہیں بتائیں گے کہ وہ کس جگہ پر علاج کروارہے ہیں ۔

تازہ ترین