• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی سرحدیں کھلنے لگیں، لاطینی امریکا کورونا کا نیا گڑھ بن گیا

روم (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) یورپی ممالک نے کورونا وائرس کے باعث بند کی گئیں اپنی سرحدیں کھولنا شروع کردیا ہے ، اٹلی نے یورپ بھر سے آنے والے مسافروں کیلئے اپنی سرحدیں بدھ کے روز سے کھول دی ہیں۔

اطالوی وزیراعظم گوئپے کونٹے نے کہا ہے کہ ان کا ملک بحالی کی راہ پر گامزن ہے اور نئے اعدادشمار حوصلہ افزا ہیں ، جرمنی، آسٹریا اور فرانس نے جمعرات کے روز سے اٹلی کے علاوہ تمام پڑوسی ممالک کیلئے اپنی سرحد یں کھولنے کا اعلان کردیا ہے جبکہ سوئٹزرلینڈ نے بھی اپنے شہریوں کو اٹلی کا سفر کرنے سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

بلجیم نے برطانیہ، یورپی یونین اور یورپی پاسپورٹ پر فری ٹریول زون کیلئے اپنی سرحدیں 15جون سے کھولنے کا اعلان کردیا ہے ، دوسری جانب لاطینی امریکا کورونا وائرس کا نیا گڑھ بن گیا ہے ، امریکا کے بعد سب سے زیادہ کیسز برازیل میں رپورٹ ہوئے ہیں جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 5لاکھ 60ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

برازیل میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد31ہزار 400سے تجاوز کرگئی ہے جس کے بعد امریکا، برطانیہ اور اٹلی کے بعد برازیل اموات کے حوالے سے چوتھے نمبر پرآگیا ہے ،برازیل کے بعد پیرو لاطینی امریکا کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن گیا ہےجہاں کیسز کی تعداد ایک لاکھ 70ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ہلاکتیں 4ہزار 600ہوگئی ہیں ، پیرو میں 20صحافی بھی اپنی جانوں کی بازی ہارچکے ہیں۔

چلی اور میکسیکو میں بھی کورونا کے نئے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں ، امریکا میں کورونا سے مزید 550ہلاکتوں کے بعد مجموعی ہلاکتیں ایک لاکھ 8ہزار 600ہوگئی ہے جبکہ کیسز کی تعداد 18لاکھ 90ہزار سے بڑھ گئے ہیں ، برطانیہ میں کورونا سے مزید 350ہلاکتوں کے بعد مجموعی ہلاکتیں 39ہزار 700سے بڑھ گئی ہے ، اٹلی میں مزید 71ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد 33ہزار 600ہوگئی ہے ، اسپین میں دو روز بعد کورونا سے پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 27ہزار 128ہوگئی ہے۔

بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کرگئی جبکہ طبی ماہرین کے مطابق مزید تیزی آنے کا خدشہ ہے، بھارت میں ایک دن میں اب تک سب سے زیادہ 8 ہزار 909 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 7 ہزار 615 ہوگئی ہے۔

ایران میں تیسرے روز بھی 3 ہزار سے زائد کیسز سامنے آگئے جس کے بعد وہاں وائرس سے متاثرہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار سے تجاوز کرگئی، ایران میں مزید 70 افراد کی ہلاکت کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 8ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

سعودی عرب میں کرفیو و لاک ڈاؤن کو نرم کیے جانے کے بعد وہاں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

تازہ ترین