• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاہ فام، فلسطینیوں اور کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم ہولناک ہیں، نیلم منیر

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اور خوبرو اداکارہ نیلم منیر نے دنیا بھر میں سیاہ فاموں ، فلسطینیوں اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمّت کرتے ہوئے انہیں ہولناک قرار دیا ہے۔

امریکا میں سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی سفید فام پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں ہلاکت پر جہاں بین الاقوامی فنکار اپنی آواز اُٹھا رہے ہیں، وہیں پاکستانی شوبز ستارے بھی سیاہ فاموں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔

پاکستان کی معروف اداکارہ نیلم منیر نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنا ایک پیغام جاری کیا ہے۔


نیلم منیر نے انسٹاگرام پر امریکا میں جاری نسل پرستی کے خلاف ہونے والے مظاہروں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ سچ ہے کہ سیاہ فام لوگوں کی زندگیاں اہمیت رکھتی ہیں۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’ہم مسلمانوں کے لیے ہر انسان کی زندگی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ ہمارا قرآن پاک بھی ہمیں مساوات کا درس دیتا ہے اور یہ کہ ایک انسان کے نیک عمل اور اچھا اخلاق ہی دوسرے لوگوں کی نظروں میں اُس کا رتبہ بڑھاتا ہے۔ ‘

اُنہوں نے کہا کہ ’سیاہ فاموں، فلسطینیوں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم درد ناک ہیں جب میں یہ دیکھتی ہوں تو میرا دل روتا ہے۔‘

نیلم منیر نے کہا کہ ’ترقی یافتہ ممالک با آسانی پوری دُنیا کے سامنے انسانیت پر ظلم کر رہے ہیں جو ایک انتہائی شرمناک بات ہے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’مجھے اُمید ہے کہ انشاءاللّہ ایک دن یہ ظلم ختم ہوگا، اللّہ ہم سب کی حفاظت کرے آمین۔‘

یاد رہے کہ 25 مئی کو منیسوٹا میں ایک امریکی پولیس اہلکار کے تشدد سے سیاہ فام امریکی شہری ہلاک ہوگیا تھا اور اِس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی جس کے بعد سے امریکا میں سیاہ فام امریکی شہریوں کی جانب سے مظاہرے کیے جارہے ہیں۔

تازہ ترین