• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

استعفیٰ مانگا گیا نہ میں نے ایسی پیشکش کی، وزیر ہوا بازی

 استعفیٰ مانگا گیا نہ میں نے ایسی پیشکش کی، وزیر ہوا بازی



وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے کی ابتدائی انکوائری رپورٹ 22 جون کو پبلک کردیں گے، مکمل رپورٹ آنے میں چار سے چھ ماہ لگ سکتےہیں، شفاف اور غیر جانبدار حقائق عوام کے سامنے لائیں گے اور انکوائری رپور ٹ آنے کے بعد ہی ذمہ دار کا تعین کیا جاسکتا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا کہ مجھ سے استعفا مانگا گیا نہ میں نے ایسی پیشکش کی، انکوائری مکمل ہونے کے بعد ہی ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے گا اور ابھی تک کسی کی غلطی یا کوتاہی کا تعین نہیں کیا جا سکا۔

وزیر ہوا بازی نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر طیارہ حادثے کے شہدا کے گھروں پر جا رہا ہوں، طیارہ عملے کے 8 شہدا میں سے 7 کی میت گھروں کو پہنچا دی گئی ہیں۔

غلام سرور خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ شفاف، منصفانہ اور غیرجانبدارانہ انکوائری ہو، کچھ لواحقین کے سوا سب کو 10،10 لاکھ روپے فی کس مالی امداد پہنچا دی ہے، جبکہ طیارہ گرنے سے تباہ ہونیوالی عمارتوں کے نقصان کا اندازہ بھی لگایا جا رہا ہے۔

غلام سرور خان نے کہا کہ شہید پائلٹ بھی اپنی 25 سالہ سروس کے دوران کسی غفلت کے مرتکب نہیں ہوئے، ہمیں چاہیے کہ انکوائری مکمل ہونے تک کسی کو ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے۔

بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے پی آئی اے کا خصوصی فلائٹ آپریشن جاری ہے، بیرون ملک پھنسے 34 ہزار پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے آپریشن 10 جون تک جاری رہے گا اور 10جون کے بعد صوبوں کو اعتماد میں لیکر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

غلام سرور خان نے کہا کہ بیرون ملک پھنسے ایک لاکھ پاکستانیوں نے وطن واپسی کیلئے درخواست دی ہے۔

نیب انکوائری سے متعلق انہوں نے کہا کہ نیب مکمل غیر جانبدار ادارہ ہے، میں اپنی انکوائری کیلئے اسے خوش آمدید کہتا ہوں۔

تازہ ترین