• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کوئٹہ کے حالات پر اے پی سی طلب کرے، شیعہ کانفرنس

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید دائود آغا نے صوبائی حکومت سےمطالبہ کیا ہےکہ حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئےفوری آل پارٹیز کانفرنس کا اہتمام کرے تاکہ تمام حالات پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جاسکے، امن برقرار رکھنے کیلئے اپنی کاوشوں سے دستبردار نہیں ہوں گے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے ملکر حالات کو بہتراور شرپسندوں کو ناکامی سے دوچار کریں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو مقامی امام بارگاہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ہزارہ ٹائون میں ایک انتہائی دلخراش ، انسانیت سوز واقعہ رونما ہوا جس میں ایک نوجوان بلال کو شہید جبکہ دو نوجوانوں کو زخمی کیا گیا جو انتہائی قابل افسوس اور بہت ہی دردناک سانحہ تھا جس کی مذمت کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں واقعہ شرپسندی پر مبنی تھا جس پر تمام سیاسی ، سماجی و مذہبی جماعتوں نے بروقت اقدام کرکے آپس میں روابط شروع کئے اور ہم مسلسل رابطے میں ہیں تاہم ایسےواقعات سے کسی تیسری قوت کا فائدہ اٹھانا اور واقعے کوکوئی دوسرا رنگ دیکر اپنے عزائم کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش خطرناک عمل ہے ایسے لوگ قیام امن کو سبوتاژ کرنے کیلئے موقع کی تلاش میں ہروقت تیار بیٹھے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید بلال نورزئی کے والد کی جانب سے ویڈیو پیغام جاری اور پرامن رہنے کی تلقین کے باوجود ایسے واقعات کا پے در پے رونما ہونا اور سوشل میڈیا پر دھمکی آمیز ویڈیوز پیغامات سمجھ سے بالاتر ہیںحیرانگی اس بات پر ہے کہ متعلقہ اداروں نے کیوںخاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ہزارہ ٹائون کو کوئی دوسرا رنگ دیا جارہا ہے بعض لوگ سوشل میڈیا پر پوری طاقت کے ساتھ سرگرم عمل ہیں جس سے حالات مزید خرابی کی جانب جاتے ہوئے محسوس ہورہے ہیں ۔ ایف آئی اے اور سائبر کرائم کے ادارے فوری طور پر بلاتفریق کارروئی کریں ۔
تازہ ترین