• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان نے قومی انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے ) کی بدانتظامی پر شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔

کراچی طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے زین پولانی کے بھائی کُمیل پولانی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’زین پولانی کے 2 بچوں کی شناخت ہوگئی تھی جس کے بعد اُن کی آخری رسومات ادا کردی گئی ہیں۔‘

کُمیل پولانی نے لکھا کہ ’حکام کی نااہلی اور عدم توجہی کی وجہ سے زین پولانی کے ایک بچے کی لاش 11 روز قبل کسی اور فیملی کے سُپرد کر دی گئی تھی اور اُس فیملی نے اُس کی تدفین بھی کردی تھی۔‘

اُنہوں نے کہا کہ’ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد از جلد اِس معاملے پر سخت تحقیقات کی جائے۔‘

کُمیل پولانی کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے ماہرہ خان نے قومی انٹرنیشنل ایئر لائن کی بد انتظامی پر شدید ناراضگی ظاہر کی۔

ماہرہ خان نے لکھا کہ ’طیارہ حادثہ متاثرین کے اہلِ خانہ کے لیے یہ ایک کبھی نہ ختم ہونے والا خوفناک اور دردناک خواب ہے۔‘

واضح رہے کہ جمعۃ الوداع کی دوپہر کو لاہور سے کراچی آنے والے قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں97 افراد جاں بحق ہوئے۔

تازہ ترین