• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکینہ سمو کی کورونا نیوز ٹیگ نہ کرنے کی درخواست

پاکستان کی لیجنڈری اداکارہ و ہدایتکارہ سکینہ سمو کی جانب سے ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں اداکارہ نے سوشل میڈیا پر کورونا کے حوالے سے کوئی بھی خبر انہیں ٹیگ نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر سکینہ سمو نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’کیا آپ لوگ مجھ سے متعلق کورونا وائرس کی جھوٹی خبریں مجھے ٹیگ کرنے سے تھکے نہیں ہیں؟‘

سکینہ سمو نے  کہا کہ ’وہ ان خبروں سے تھک چکی ہیں۔‘

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر سکینہ سمو کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبریں زیرِ گردش ہیں جس کے بعد دو روز قبل سکینہ سمو نے اِس حوالے سے اپنا ایک ٹوئٹر پیغام جاری کیا تھا۔

ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں سکینہ سمو نے صحافی کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ ’گزشتہ روز مجھے ایک نام نہاد صحافی سارا دن فون کالز کرتا رہا کیونکہ وہ مجھ سے میری صحت کے متعلق جاننا چاہتا تھا۔‘

انہوں نے کہا تھا کہ ’میں نے اس صحافی کو جواب دینے سے انکار کردیا کیونکہ میں اپنی صحت کے حوالے سے کسی سے بھی کوئی بات نہیں کرنا چاہتی ہوں۔‘

سکینہ سمو نے کہا تھا کہ ’جب میں نے اُس صحافی کو جواب دینے سے انکار کردیا تو اُس نے میرے بارے میں جھوٹی خبر سوشل میڈیا پر پھیلائی کہ سکینہ سمو کورونا کی وجہ سے انتقال کرگئی ہیں۔‘


تازہ ترین