• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں اپنی صحت سے متعلق کچھ نہیں کہنا چاہتی، سکینہ سمو

پاکستان کی لیجنڈری اداکارہ و ہدایتکارہ سکینہ سمو کا کہنا ہے کہ وہ کسی سے بھی اپنی صحت سے متعلق کوئی بات نہیں کرنا چاہتی ہیں۔

گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر یہ خبر زیر گردش ہیں کہ سکینہ سمو اور نامور اداکارہ روبینہ اشرف عالمی وبا کورونا وائرس کاشکار ہوگئی ہیں اِسی حوالے سے انہوں نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنا ایک پیغام جاری کیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں سکینہ سمو نے صحافی کا نام لیے بغیر کہا کہ ’گزشتہ روز مجھے ایک نام نہاد صحافی سارا دن فون کالز کرتا رہا کیونکہ وہ مجھ سے میری صحت کے متعلق جاننا چاہتا تھا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میں نے اس صحافی کو جواب دینے سے انکار کردیا کیونکہ میں اپنی صحت کے حوالے سے کسی سے بھی کوئی بات نہیں کرنا چاہتی ہوں۔‘

اداکارہ و ہدایتکار نے بتایا کہ ’بار بار فون کالز کرنے پر میں نے اُس صحافی کا فون نمبر واٹس ایپ سے بلاک کردیا۔‘

اُنہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ کے ساتھ ایک فیس بُک پوسٹ بھی شیئر کی جس میں لکھا ہوا تھا کہ کورونا کی وجہ سے سکینہ سمو انتقال کر گئی ہیں۔

سکینہ سمو نے کہا کہ ’جب میں نے اُس صحافی کو جواب دینے سے انکار کردیا تو اُس نے میرے بارے میں یہ جھوٹی خبر سوشل میڈیا پر پھیلا دی۔‘

دوسری جانب پاکستان کی نامور اداکارہ روبینہ اشرف کےحوالے سے بھی یہ خبریں زیر گردش ہیں کہ اداکارہ کورونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں جبکہ روبینہ اشرف کی جانب سے اِس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

یاد رہے کہ اِس سے قبل کورونا وائرس کی شکار اداکارہ و میزبان ندا یاسر نے اُن کی صحت سے متعلق جھوٹی افواہوں کی تردید کی تھی۔


ندا یاسر نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہاتھا کہ ’اللّہ کا شکر ہے کہ میری اور میرے اہلخانہ کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور ہم اپنے گھر پر ہی ہیں۔‘

تازہ ترین