لاہور(این این آئی) پنجاب اسمبلی نے مقدس ترین ہستیوں سے متعلق گستاخانہ مواد پر مبنی تین کتابوں پر پابندی کی قرارداد متفقہ طور پر منظورکرلی جبکہ متعلقہ محکمے کو مذکورہ کتابوںکے مارکیٹ میںموجود اسٹاک کو ضبط کرنے او ررواں سیشن میں ہی اس کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔اجلاس میں طیارے حادثے،کوروناوائرس سے اراکین اسمبلی سمیت دیگر کی ہلاکتوں پر تعزیتی قرارداد بھی منظور کر لی گئی۔ پنجاب اسمبلی کااجلاس مقامی ہوٹل میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی کی صدارت ہوا ۔ اراکین اسمبلی نے کورونا وائرس سے بچائو کیلئے طے شدہ ایس اوپیز پر عملدرآمدکرتے ہوئے اجلاس میں شرکت کی۔ ایوان میں پیش کی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ یہ بات ہمارے لئے باعث ندامت ہے کہ اس پاک سر زمین پرایسی کتب بالخصوص یہ تین کتابیں ’’آفٹر دی پرافٹ‘‘، ’’دی فرسٹ مسلم‘‘ اور ’’شارٹ ہسٹری آف اسلام‘‘ موجودہیں جس میں اسلام کی مقدس ترین ہستیوں سےکے بارے میں جو گستاخانہ الفاظ استعمال کئے گئے ہیں جو قابل مذمت ہیں۔ ایوان کی طرف سے یہ حکم دیا جاتاہے کہ متعلقہ محکمہ اس پر عملدرآمد کرتے ہوئے تینوں کتابوںپر پابندی لگائے اورمارکیٹ میں موجود اسٹاک کو ضبط کرے اور رواں اجلاس میں ہی اس کی رپورٹ پیش کی جائے۔