کوئٹہ(آئی این پی )بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری نے بیان میں بی این پی خضدار کے ضلعی سینئر نائب صدر شفیق الرحمن ساسولی کو ٹیلیفون کے ذریعے قتل کی دھمکیاں دینے اور گزشتہ شب ان کے گھر میں کفن پھینکنے کی اس بزدلانہ حرکت وغیر جمہوری روش کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ آج کے اس نام نہاد جمہوری دور حکومت میں بھی حقیقی سیاسی کارکنوں کودیوار سے لگانے ،خوف وہراس ،دھونس دھمکیوں اور اوچھے منفی حربوں کے ذریعے انہیں راستے سے ہٹانے کی مذموم کوشش اور سازش اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ آج بھی صوبے میں غیر جمہوری قوتیں بی این پی کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت اور پذیر آئی سے بوکھلاہٹ کاشکار ہیں ،انہوں نے کہاکہ شفیق الرحمن ساسولی ایک فعال اور متحرک سیاسی رہنماء کی حیثیت سے خضدار میں پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں سمیت سماجی،قبائلی اور دیگر امورمیں مصروف عمل ہیں لیکن نادیدہ قوتوں کو یہ عمل ناگوار گزررہا ہے ۔انہوں نےکہاکہ سیاسی وجمہوری جدوجہد سے دستبردارنہیں ہونگے۔