وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پنجاب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سینٹر (این سی او سی) میں کورونا سے متعلق ہوئے فیصلوں کی خلاف ورزی کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں میزبان شہزاد اقبال کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ این سی او سی میں اتفاق رائے سے کیے گئے فیصلوں پر پنجاب عملدرآمد نہیں کرتا۔
سعید غنی نے کہا کہ اجلاس میں وزیراعظم نے سیاحتی مقامات کو کھولنے کا کہا، جس پر خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان نے سیاحتی مقامات کھولنے سے انکار کردیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت عوام کو اکساتی ہے کہ وہ سڑکوں پر نکل آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر وفاق یہ کہتا ہے کہ صوبے فیصلے کریں تو پھر صوبوں کو فیصلے کرنے تو دیں۔
سعید غنی نے کہا کہ جو بھی اتفاق رائے سے فیصلے ہوتے ہیں وہ پنجاب میں تبدیل ہوجاتے ہیں۔