امریکی شہری سینتھیا رچی کا وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کو دیا گیا تحریری بیان سامنے آگیا۔
سینتھیا رچی کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ دس سال سے پاکستان میں ہیں، خیبر پختونخوا حکومت کے لیے محکمہ آرکیالوجی اور مختلف این جی اوز کے لیے کام کرتی ہیں۔
امریکی بلاگر نے کہا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے لڑنا نہیں چاہتیں جبکہ پارٹی چیئرمین بلال بھٹو زرداری کو مستقبل میں ایک طاقتور ترین لیڈر کے طور پر دیکھتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایمانداری کی بات ہے کہ وہ بلاول کا مستقبل کے رہنما کے طور پر ڈاکومنٹری میں انٹرویو کرنا چاہتی تھیں۔
سینتھیا رچی کا کہنا تھا کہ وہ ایک تحقیقاتی دستاویزی فلم بنا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں مقیم امریکی شہری سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔
’جیو نیوز‘ کے مطابق ایک ویڈیو بیان میں سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک پر ریپ کا الزام لگا دیا۔
امریکی خاتون سنتھیا رچی نے الزام لگایا کہ رحمٰن ملک نے انہیں 2011ء میں زیادتی کا نشانہ بنایا جب پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت تھی اور رحمٰن ملک وزیرِ داخلہ کے عہدے پر فائز تھے۔
امریکی شہری نے سابق وزيرِ اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیرِ صحت مخدوم شہاب الدین پر بھی دست درازی کا الزام عائد کیا۔
سنتھیا رچی نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے ان سے تب دست درازی کی جب وہ ایوانِ صدر میں مقیم تھے۔