پنجاب میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے غیر قانونی طور پر رقوم وصول کرنے والے محکمہ تعلیم کے اساتذہ کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔
صوبائی حکومت نے رقوم وصول کرنے والے اساتذہ کے خلاف کارروائی یقینی بنانے کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔
محکمہ تعلیم پنجاب نے ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن پنجاب اعزاز احمد جوئیہ کی سربراہی میں 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے، جس کے دیگر ممبران میں رضوانہ خلیل پرنسپل گورنمنٹ کنیئرڈ گرلز ہائی اسکول لاہور اور ایڈیشنل ڈی پی آئی ایلیمنٹری پنجاب ڈاکٹر عبدﷲ فیصل شامل ہیں۔
کمیٹی نے صوبے بھر کے سی ای اوز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام سے رقوم وصول کرنے والے اساتذہ کی معلومات بھجوانے کے علاوہ ان کے خلاف کارروائی کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔