• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹوکی تربت سانحے اور بلوچستان میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار

بلاول بھٹوکی تربت سانحے اور بلوچستان میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار


چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے تربت سانحے اور بلوچستان میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات میں صوبائی حکومتیں کم ازکم امن وامان کی صورتحال برقرار رکھیں اور خود کو متنازعہ نہ بنائیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر حکومت بروقت اقدام کرتی اور مجرموں کو گرفتار کیا جاتا تو حالات خراب نہ ہوتے۔

اُنہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان کے عوام میں شدید غم وغصہ ہے اور لوگ احتجاج کر رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ لوگ سڑکوں پر تب ہی آتے ہیں جب ان کو یقین ہوجائے کہ حکام ان کی بات نہیں سن رہے، جب حکام بات نہ سنیں تو لوگ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے  باہر آجاتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کم سن برامش کے ساتھ ہونے والا ظلم ناقابل تصور ہے، کوئی الفاظ برامش کے زخموں پر مرہم نہیں رکھ سکتے، اگر برامش کی ماں کے قاتل گرفتار نہ ہوئے تو یہ انصاف کی موت ہوگی۔

اُنہوں نے کہا کہ دہائیوں سے جاری ناانصافی کی وجہ سے بلوچوں میں ویسے ہی غم وغصہ پایا جاتا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے 18ویں ترمیم کے ذریعے بلوچستان کے کچھ مسائل حل کرنے کی کوشش کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس طرح کے سانحات حکام کی بلوچوں کی طرف بے حسی کو اجاگر کرتے ہیں، ہمیں اس طرح کے عناصر کو جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔

واضح رہے کہ 26 مئی کو بلوچستان کے ضلع تربت کے علاقے ڈنگ میں تین مسلح افراد ڈکیتی کی نیت ایک گھسے اور مزاحمت پر ملک ناز نامی خاتون کو گولیاں مار کر قتل کر دیا جب کہ کم سن بچی برامش کو بھی گولی مار کر زخمی کر دیا تھا۔

اس واقعے کے بعد سے بلوچستان کے مختلف شہروں میں برامش بلوچ کے انصاف کے لیے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع جاری ہے۔

تازہ ترین