• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوٹیوب کی ملالہ کو گریجویشن مکمل کرنے پر مبارکباد


نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے لاک ڈاؤن کے دوران آکسفورڈ یونیورسٹی سے اپنا گریجویشن مکمل کرلیا ہے اور اُن کے گریجویٹ ہونے پر یوٹیوب کی جانب سے بھی اُنہیں مبارکباد دی گئی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر یوٹیوب کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے ملالہ یوسف زئی کی 12سیکنڈز پر ایک ویڈیو کلپ شیئر کی گئی ہے۔

یوٹیوب کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں ملالہ یوسف نے کہا کہ ’اِس مشکل گھڑی میں آپ نے جو کچھ بھی کھویا اُس کی وضاحت کرنے کے بجائے یہ سوچیں کہ ہمیں اس سے کیسے لڑنا ہے۔‘

ملالہ نے کہا کہ ’آپ نے تعلیم حاصل کرلی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ آپ باہر نکلیں اور اس دُنیا کی بہتری کے لیے کام کریں۔‘

ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے یوٹیوب کی جانب سے ملالہ یوسف زئی کو گریجویشن مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی گئی اور ساتھ ہی لکھا گیا کہ ’یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ آپ نے کلاس 2020 کی ممبر ہونے کی حیثیت سے ہمارے ساتھ اپنے احساسات بانٹے ہیں۔‘

یاد رہے کہ 2014 میں صرف 17 سال کی عمر میں ملالہ یوسف زئی نے امن کا نوبیل ایوارڈ حاصل کیا۔

اس کے علاوہ ملالہ یوسف زئی مسلسل 3 سال دنیا کی بااثر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل رہ چکی ہیں جبکہ ان کو کینیڈا کی اعزازی شہریت بھی دی جاچکی ہے۔

ملالہ کو عالمی سطح پر 40 سے زائد ایوارڈز اور اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے، وہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچیوں کی تعلیم اور خواتین کے حقوق کے لیے بھی کام کرتی ہیں جس کے لیے ملالہ فنڈز کا قیام عمل میں لایا گیا۔

تازہ ترین