کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس اور مقامی ادویہ سازکمپنی کے ورکرز یو نین کے زیر اہتما م پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کیخلاف پیر کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر مظاہرے کے شرکاء نے بینر زاور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور مطالبات کے حق میں نعرئے بازی کررہے تھےمظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ماما سلام بلوچ ، علی منگول ، نذر مینگل و دیگر نے اسٹیل ملز کی نجکاری کے حکومتی فیصلہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے دباؤ میں کئے گئے حکومتی فیصلوں کو مسترد کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ایک عرصے سے ملک کے منافع بخش اداروں کی نجکاری کی کوششیں کی جارہی ہیں دنیا گلوبلائزیشن کی طرف جارہی ہے جس کا فائد ہ سرمایہ دار اٹھارہے ہیں ، پاکستان میں پی ٹی سی ایل کے 50 ہزار ملازمین کو بیک یک جنبش قلم ملازمتوں سے برطرف کئے جانے کے بعد اب اسٹیل ملز کے ملازمین کی بھی ملازمتیں چھین لی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسٹیل ملز کو محنت کشوں کے حوالے کرے 10گنا زیادہ منافع حکومت کو دینگے انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اسٹیل ملز کے ملازمین کی برطرفی کے فیصلے کو واپس لے ۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں پراب یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے اور عوام کے حق کیلئے متحد ہوجائیں ۔