• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری پر فردِ جرم عائد نہ ہو سکی


اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیسز کی سماعت کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری اپنی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت پیش نہیں ہوئے جس کی وجہ سے ان پر آج فردِ جرم عائد نہ ہو سکی۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے کیسز کی سماعت کی۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث جیل سے ملزمان کو عدالت نہیں لایا جا سکا، جبکہ آصف زرداری اور فرال تالپور کی عدالتی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی گئی۔

جج اعظم خان نے ہدایت کی کہ کمرۂ عدالت میں سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے۔

یہ بھی پڑھیئے: زرداری اور فریال پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

جس پر سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے کہا کہ کیا کریں کہ وکلاء کی تعداد زیادہ ہے۔

اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ ریفرنس کی کاپیاں جمع کروا دی ہیں، عدالت ملزمان پر فردِ جرم عائد کرے، انور مجید کے ویڈیو بیان کے حوالے سےانتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

فاروق نائیک نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ کورونا وائرس بہت زیادہ پھیل چکا ہے، عمر رسیدہ لوگ کورونا سے زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کی عمریں بھی 60 سال سے زائد ہیں، ڈبلیو ایچ او نے بھی کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کیا جائے۔

احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے کہا کہ جو ملزمان نہیں آ سکتے تو ان کا ویڈیو بیان ریکارڈ کر لیتے ہیں۔


ملزم ‎انور مجید کے وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ‎انور مجید کے ویڈیو بیان کے باوجود فردِ جرم عائد نہیں ہو سکتی، ‎جب تک ملزم خود عدالت میں پیش نہ ہو تب تک فردِ جرم نہیں عائد ہو سکتی۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ‎جب عدالتی نمائندہ وہاں موجود ہوگا تب انور مجید کی حاضری لگ سکتی ہے۔

احتساب عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی آج کی عدالتی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی جبکہ عدم پیشی کے باعث سابق صدر آصف زرداری پر پارک لین کیس میں فردِ جرم عائد نہیں کی جا سکی۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ پارک لین کیس میں تمام تقاضے پورے ہو چکے ہیں، فردِ جرم کی تاریخ جلد مقرر کی جائے تاکہ ٹرائل آگے بڑھ سکے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پارک لین کیس میں آصف زرداری اور دیگر پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے 26 جون کی تاریخ مقرر کر دی جبکہ اسی عدالت میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 7 جولائی کو ہوگی۔

تازہ ترین