• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری ، فریال پر فرد جرم عائد کرنےکی کارروائی موخر

زرداری ، فریال پر فرد جرم عائد کرنےکی کارروائی موخر


میگا منی لانڈرنگ، پارک لین کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنےکی کارروائی مؤخر کردی گئی۔

راولپنڈی کی احتساب عدالت میں میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں پی پی رہنما فریال تالپور اور عبد الغنی مجید سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

کیس کی سماعت کے موقع پر سابق صدر آصف زرداری بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوئے جبکہ ملزم انور مجید کو بھی آج کراچی سے لاکر عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا۔

کیس کی سماعت کے موقع پر عدالت نے نیب کو ملزم انور مجید کو ایئرایمبولینس کے ذریعے عدالت لانے کے لیے انتظامات کرنے کی ہدایت کی ۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ جن ملزمان کی حد تک تفتیش مکمل ہے ان پر فرد جرم عائد کردیں، جس پر سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ عبوری ریفرنس پر کیسے فرد جرم عائد کی جاسکتی ہے؟

فاروق ایچ نائیک کے اعتراض پر نیب تفتیشی افسر نے کہا کہ کیس کی تفتیش جاری ہے نئے شواہد ملنے کی صورت میں ضمنی ریفرنس دائر کریں گے۔

وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ پارک لین ریفرنس میں فریال تالپور نامزد نہیں ہیں۔

وکیل صفائی نے کہا کہ ضمنی ریفرنس کی کاپیاں ابھی تک فراہم نہیں کی گئیں جس پر عدالت نے ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

اس موقع پر احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس اور میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 11 فروری تک ملتوی کر دی۔

تازہ ترین