• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوبز سے وابستگی کے دوران سب سے مشکل کام کیا ہے؟

کوک اسٹوڈیو سے شہرت پانے والی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ کا کہنا ہے کہ شوبز سے وابستگی کے دوران فنکار کے لیے سب سے مشکل کام ہمارے معاشرے کے لوگوں کو مطمئن کرنا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر آئمہ بیگ نے اپنی ایک تصویر پوسٹ کی جس کے ساتھ اُنہوں نے ایک طویل کیپشن بھی لکھا۔


تصویر پوسٹ کرتے ہوئے آئمہ بیگ نے لکھا کہ ’میں نے اپنے کریئر کے 3 سے 4 سال کے دوران سیکھا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں کریئر بناتے وقت فنکار کے لیے سب سے مشکل کام ہمارے معاشرے کے لوگوں کو مطمئن کرنا ہے۔‘

آئمہ بیگ نے لکھا کہ ’لوگ کہتے ہیں کہ ہم فنکار اُن کے مطابق زندگی گُزاریں، وہ جو چاہتے ہیں ہم ویسے کپڑے پہنیں، وہ جیسے چاہتے ہیں ہم ویسی گلوکاری کریں۔‘

گلوکارہ نے کہا کہ ’مجھے تو لگتا تھا کہ پاکستان ایک آزاد ملک ہے جہاں مرد و خواتین ہر ایک کو اپنی مرضی کے مطابق آزادی سے رہنے کا حق حاصل ہے۔‘

اُنہوں نے اپنے کریئر کے آغاز کے وقت کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب میں نے اپنا کریئر شروع کیا تھا تو اُس وقت میری عمر 20 یا 21 برس تھی اور میں اپنا گریجویشن مکمل کر رہی تھی۔‘

آئمہ بیگ نے لکھا کہ ’اگر میں اُس وقت کو یاد کروں تو معلوم ہوتا ہے کہ اللّہ تعالیٰ کے مجھ پر کتنے احسانات ہیں جس نے مجھے کامیاب و ترقی عطا کی۔‘

گلوکار ہ نے کہا کہ’آج بھی کوئی 13یا 15سال کا بچہ میرے پاس آٹوگراف یا تصویر کھنچوانے کے لیے آتا ہے تو میں یہ نہیں سوچتی کہ میں تصویر میں اچھی لگوں گی یا بُری۔‘

اُنہوں نے آخر میں اپنی کامیابی کے حوالے سے کہا کہ ’ماں کی دُعا پھر ماں کی دُعا ہی ہوتی ہے اور بے شک ضرور قبول ہوتی ہے۔‘

یاد رہے کہ اِس سے قبل آئمہ بیگ نے انسٹاگرام پر اپنے لائیو سیشن کے دوران آریانا گرانڈے کو کاپی کرنے کے حوالے سے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کبھی بھی آریانا گرانڈے کی طرح نہیں بننا چاہتی ہیں۔

آئمہ بیگ نے کہا تھا کہ صرف ایک پونی اور ایک لائنر اُنہیں آریانا گرانڈے نہیں بنا سکتا ہے۔

اُنہوں نے کہا تھا کہ اُنہیں آریانا کی آواز اور اسٹائل پسند ہے لیکن اِس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ ان کی طرح بننا چاہتی ہیں۔

تازہ ترین