راولپنڈی میں گذشتہ روز ہونے والے دھماکے کی ابتدائی تفتیشی رپورٹ جاری کردی گئی۔ دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 15 افراد زخمی ہوئے تھے۔
محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے گزشتہ روز ہونیوالے راولپنڈی دھماکے کی ابتدائی تفتیشی رپورٹ جاری کردی ، جس کے مطابق دھماکا کوئلہ سینٹر چوک صدر بازار میں 8 بج کر 43 منٹ پر ہوا، پھلوں کی 2 ریڑھیاں اور 2 موٹر سائیکلیں بھی دھماکے میں تباہ ہوئیں، جب کہ دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 15 افراد زخمی ہوئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دھماکے میں آئی ای ڈی مواد استعمال کیا گیا، آئی ای ڈی ایک الیکٹرک پول کے قریب نصب کی گئی تھی، دھماکے کی جگہ پر گڑھا بھی موجود ہے، بارودی مواد کی بھاری مقدار استعمال کی گئی تاہم اس میں تاحال بال بیئرنگ استعمال ہونے کے شواہد نہیں ملے۔
ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی کی ٹیم جائے وقوعہ پر مزید تفتیش کررہی ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق لوکل ڈیوائس کے ذریعے دھماکہ خیز مواد تیار کیا گیا، دھماکے میں استعمال ہونے والے دیگر مواد کے بارے میں لیب رپورٹ ملنے کے بعد پتہ چلے گا۔