وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف کی بجٹ تنقید پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو سرکاری ملازمین کی مشکلات کا احساس ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ معیشت کورونا کے باعث دباؤ کا شکار ہے، حالات کے بہتر ہوتے ہی سرکاری ملازمین کو ریلیف دیا جائے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ ن لیگ اپنے دور میں کوئی ایک سرکاری ادارہ ٹھیک نہ کرسکی، کوئی شہباز شریف کو بتائے کہ صحت کا بجٹ آپ کے دور سے دگنا ہوچکا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نے کہا کہ کوئی ان کو جگائے کہ انفلیشن سنگل ڈیجٹ میں آچکی ہے،ا ن کو ہوش میں لائیں کہ پٹرول کی قیمتیں خطے میں سب سے کم ہوچکی ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ ان کو یہ بھی بتائیں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے سے منہگائی میں مزید کمی ہوگی۔
اُنہوں نے کہا کہ ان کو کوئی بتائے حکومت نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 73 فیصد کمی کی۔
شہباز گل نے کہا کہ شہباز شریف نے اگر بجٹ پڑھا ہوتا تو پوچھنا نہ پڑتا کہ معاشی تحریک کے اقدامات کہاں ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ اپنے دور میں کسان سے 120روپے من گنا ہتھیانے والے کسان کے کتنے ہمدرد ہیں، عوام جانتی ہے۔
واضح رہے کہ شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم 10 فیصد اضافے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ نون لیگ کے دور میں ہر سال سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ نون لیگ نے اپنے دور میں سرکاری ملازمین کو ہاؤسنگ الاؤنسز اور دیگر مراعات فراہم کیں، سرکاری ملازمین بالخصوص کم اسکیل کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنا قبول نہیں۔