اسلام آباد(نمائندہ جنگ) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کےکوویڈ 19 کی وباء کے سبب کویت میں پھنسے پاکستانی تارکین وطن کی آسان وطن واپسی کے لئےمتعلقہ وفاقی وزراء سے رابطے۔ اسپیکر نے یہ معاملہ ہوا بازی اور داخلہ کے علاوہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کے سامنے لایا، کویت اور پاکستان کے مابین ہفتہ وار خصوصی پروازیں شروع کرنے کرنے پر زور دیا۔کورونا سےکویت میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد وطن واپس آنے کا ارادہ رکھتی ہے اور مسلسل کویت سے خصوصی پروازوں کے اجرا کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد ایسی بھی موجود ہے جنھیں اپنے علاقوں میں پاسپورٹ کے دفاتر کی عدم موجودگی میں اپنی سفری دستاویزات کی تجدید کے لئے طویل سفر کرنا پڑتا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے تارکین وطن کی پریشانیوں کے تدارک کے لئےپاسپورٹ کے ریجنل دفاتر کا معاملہ وزیر داخلہ کے ساتھ بھی اٹھایا تاکہ پاسپورٹ دفاتر کے نیٹ ورک کو بڑھایا جاسکے۔