• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارطغرل کی ایک اور اداکارہ پاکستان آنے کیلئے بے تاب

اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ میں گوکچہ خاتون کا کردار نبھانے والی ترک اداکارہ بورجو کیراتلی نے بھی جلد پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کردی ہے۔

حال ہی میں بورجو کیراتلی نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی جس میں اُنہوں نے اپنے پاکستانی مداحوں کے لیے محبت بھرا پیغام جاری کیا۔

بورجو کیراتلی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ’میں اپنے تمام پاکستان مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ جنہوں نے مجھے اتنا پیار دیا۔‘

ترک اداکارہ نے لکھا کہ ’روزانہ آپ کے محبت بھرے پیغامات کو پڑھ کر مجھے بہت خوشی ہوتی ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’پاکستان آنے کے لیے آپ کی دعوت میرے لیے اعزاز کی بات ہے، جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے میں ضرور پاکستان آؤں گی اور آپ سب سے ملوں گی۔‘

بورجو کیراتلی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ترکی اور پاکستانی پرچم کا ایموجی بھی لگایا۔

اِس سے قبل بورجو کیراتلی نےاپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ ’ ارطغرل غازی کے بارے میں پاکستانیوں کا جنون و جذبہ دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہے اور اُمید کرتی ہوں کہ میں جلد ہی پاکستان کا دورہ کروں گی۔‘

اُنہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستانیوں سے اپنی محبت کا اظہار بھی اُردو زبان میں کیا تھا۔

یاد رہے کہ بورجو کیراتلی نے ’ارطغرل غازی‘ میں سلجان خاتون کی بہن گوکچہ خاتون کا ایک اہم کردار ادا کیا ہے، ڈرامے میں گوکچہ خاتون کی پرورش ارطغرل کے والدین کرتے ہیں اور گوکچہ خاتون ڈرامے کے مرکزی کردار ارطغرل کو پسند کرتی ہے۔

اِس سے قبل ترک سیریز کے مرکزی کردار ’ارطغرل‘، ’حلیمہ سلطان‘، ’سلیمان شاہ‘، ’تورگت الپ‘، ’عبدالرحمٰن‘، ’روشان‘، سمیت دیگر کردار نبھانے والے اداکاروں نے بھی پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کو اُردو زبان میں ڈب کرکے سرکاری ٹی وی چینل پر نشر کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین