• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حلیمہ سلطان کے بعد ارطغرل بھی پاکستان آنے کے خواہشمند

اسلامی تاریخ کی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ میں بہادر جنگجو اور سلیمان شاہ کے بیٹے ’ارطغرل‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے والے انجین التان دوزیتان نے بھی جلد پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کردی۔

تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ میں قائی قبیلے کے سردار سلیمان شاہ کے بیٹے’ارطغرل‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے والے انجین التان دوزیتان نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ایک اسٹوری شیئر کی۔

انسٹاگرام پر شیئر کردہ اسٹوری میں انجین التان نے پاکستان ٹیلی وژن نیٹ ورک کے نئے ریکارڈ کی تصویر شیئر کی جس کے مطابق صرف 18 دن میں یوٹیوب پر ’ارطغرل غازی‘ کو 10 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

انجین التان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں پاکستانیوں سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے ’ارطغرل غازی‘ دیکھنے پر سب کا شکریہ ادا کیا۔

اُنہوں نے جلد پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے اُمید ہے ایک دن میں آپ سب سے ضرور ملاقات کروں گا۔‘

دوسری جانب ’دیرلیش ارطغرل‘ میں ارطغرل کے اہم ترین ساتھی تورگت الپ کا کردار ادا کرنے والے جنگیز جوشقون نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں پاکستانیوں کے پیار کا شکریہ ادا کیا۔

انسٹاگرام پر شیئرکردہ اسٹوری میں جنگیز جوشقون نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے اپنے تمام پاکستانی مداحوں کو اِس مشکل گھڑی میں محفوظ اور تندرست رہنے کی تلقین کی۔

اِس سے قبل ’دیرلیش ارطغرل‘ میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے والی ’اسراء بلجیک‘، دوآن بے (روشان) کا کردار ادا کرنے والے ’جاوید چتین گونر‘ اور سیزن 3 میں اصلحان خاتون کا کردار نبھانے والی ’گلثوم علی‘ نے بھی بہت جلد پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

یاد رہے کہ ارطغرل غازی کے تمام اداکاروں کو پاکستانیوں کی جانب سے محبت بھرے پیغامات بھیجے جارہے ہیں، پاکستانی اُن کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کمنٹس کرکے اُن کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے نظر آرہے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر سرکاری ٹی وی چینل پر یکم رمضان سے اُردو زبان میں نشر کی جانے والی ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ نے پاکستانیوں کو اپنی سحر میں جکڑا ہوا ہے۔

تازہ ترین