بھارت اپنی گھٹیا حرکتوں سے باز نہ آیا، نام نہاد جمہوریت کا دعوے دار بھارت پاکستان دشمنی میں تمام سفارتی آداب بھول گیا، نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کا پیچھا کرنے اور ہراساں کرنے کا سلسلہ پھر شروع کر دیا، اسلام آباد میں آج بھارتی ہائی کمیشن کے 2 اہلکاروں نے راہگیر کو گاڑی کی ٹکر مار کر شدید زخمی کیا تو انہیں گرفتار کیا گیا، جس کے بعد بھارتی سیکیورٹی فورسز نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کا محاصرہ کر لیا۔
اسلام آباد میں پیر کی صبح بھارتی ہائی کمیشن کے دو اہلکاروں نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تیز رفتاری سے گاڑی چلائی اور ایک راہ چلتے شخص کو ٹکر ماردی، پھر فرار ہونے کی کوشش کی۔ موقع پر موجود شہریوں نے ان دونوں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
بھارتی سفارت کاروں کو سفارتی استثنیٰ کے باعث رہا کر دیا گیا۔
پاکستان کے اس سفارتی احترام کے برعکس بھارت نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی ہائی کمیشن کا باقاعدہ محاصرہ کیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی سیکیورٹی فورسز نے پاکستانی ہائی کمیشن کے ناظم الامور سمیت دیگر سفارت کاروں کا پیچھا کرنے اور انہیں ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
سفارت کاری کے ویانا کنونشن کے برعکس بھارتی دارالحکومت میں پاکستانی ناظم الامور کی کڑی نگرانی جاری ہے، بھارتی ایجنسیاں پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کا ان کی رہائش گاہوں تک پیچھا کرتی ہیں۔