اسلام آباد (بلال عباسی) مریم نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر بھی اپنا اکاؤنٹ بنا لیا ہے، اکائونٹ خود چلائیں گی، اکاؤنٹ بنانے کے صرف چند گھنٹوں میں مریم نواز کے انسٹاگرام پر 1 لاکھ 33 ہزار فالوورز ہوگئے۔
مریم نواز نے پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنا اکاؤنٹ بنایا اور اپنے چاہنے والوں کیلئے ایک پیغام بھی شیئر کیا،انہوں نے کہا کہ امید ہے آپ لوگ محفوظ ہیں اور ضروری احتیاطی تدابیر پر عمل کررہے ہوں گے۔
اس سے پہلے میرے سوشل میڈیا اکائونٹ میری ٹیم چلاتی تھی لیکن یہ اکائونٹ میں خود چلاوں گی، مریم نواز نے بتایا کہ میں اس اکائونٹ کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کروں گی اور یہاں زیادہ سے زیادہ اپنی اور اہل خانہ کی مصروفیات سے متعلق چیزیں شیئر کروں گی۔
اکاؤنٹ بنانے کے صرف چند گھنٹوں میں مریم نواز کے انسٹاگرام پر 1 لاکھ 33 ہزار فالوورز ہوگئے ہیں جبکہ انہوں نے ابھی تک کسی بھی شخصیت کو فالو نہیں کیا ہوا ہے۔ واضح رہے کہ مریم نواز کے ٹوئٹر پر فالوروز کی تعداد 55 لاکھ ہے۔
وہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے وقتاً فوقتاً اپنی تصاویر، ویڈیوز شیئر کرکے اور موجودہ سیاست پر اپنے خیالات اور مخالفین پر تنقید کرکے اپنے چاہنے والوں کو اپ ڈیٹ کرتی رہتی ہیں۔